تحریک انصاف کا فوج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کااعلان ،بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ

لاہور (خبرنگار) تحریک انصاف نے بھارتی جارحیت کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کااعلان اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی سکیورٹی کونسل کی میٹنگ بانی پی ٹی آئی کے بغیر مکمل نہ ہوگی ،اگر راہول گاندھی مودی سے مل سکتے تو بانی پی ٹی آئی کیوں باہر نہیں آ سکتے،مودی مسلم کش فسادات کا بانی ہے رات کو شب خون پر قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح یکجا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر ، آئین تحفظ پاکستان کے چیف آرگنائزر لطیف کھوسہ نے پارٹی رہنماﺅں شائستہ کھوسہ ، علی امتیاز وڑائچ ، شیخ امتیازز ، فرخ جاوید مون کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا کہ پی ٹی آئی رات کے اندھیرے میں بھارتی بزدلانہ حملے کی مذمت کرتی ہے ، پاکستان کی قوم ایک ہے ہم پاک آرمی کے ساتھ کھڑے ہیں ۔قیام پاکستان سے اب تک بھارتی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے، بھارت اپنی ناکامی کا الزام پاکستان پر تھوپنا چاہتا ہے ، پاکستان میں بھارتی حملے سے پچیس پاکستانی شہید ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی سکیورٹی کونسل کی میٹنگ بانی پی ٹی آئی کے بغیر مکمل نہ ہوگی ،اگر راہول گاندھی مودی سے مل سکتے تو بانی پی ٹی آئی کیوں باہر نہیں آ سکتے۔ اس موقع پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ مودی مسلم کش فسادات کا بانی ہے رات کو شب خون پر قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح یکجا ہے اور پاکستان کےلئے اپنے جسم کا آخری قطرہ بہائیں گے ،کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔مودی نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرکے پاکستان کے خلاف جنگ شروع کی ،پانی روکنا پاکستان کی سانس روکنا ہے تو یہ کھلی جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اقوام متحدہ اور حکمرانوں سے بھی کہنا تھا ابھی تک پاکستان کی تقسیم کا مسئلہ حل طلب ہے، بھارتی سات لاکھ فوج غاصبانہ کشمیر میں کرکے خون بہایا جا رہا ہے، ہماری سادگی دیکھیں جو پختون واپس جا رہے تھے اگر سیز فائر نہ کرتے تو کشمیر ہمارے پاس ہوتا، ہندتوا سازش کرکے بین الاقوامی دنیا کے سامنے کہا استصواب رائے سے کشمیر کا فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اندرونی اختلافات کے باوجود ہم نے متفقہ طورپر قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی مگر ای پی سی میں شرمناک حرکت کی گئی ،ہوٹل بکنگ کے پیسے لے لئے ایک طرف دشمن حملہ کررہا ہے دوسری طرف فسطائیت کی انتہا دیکھیں ہمیں اے پی سی نہ کرنے دی گئی، ہمیں اس وقت مضبوط قائد کی ضرورت ہے اور وہ قائد اڈیالہ جیل میں ہے ، حکومت اور فسطائیت سے نہیں ڈریں گے، عوام سے مل کر ملک کے زرہ زرہ کی حفاظت کریں گے میلی آنکھ کو پھوڑ دیں گے۔ لطیف کھوسہ نے پریس کانفرنس کے دوران بھارت کے خلاف منظور کی گئی قرارداد بھی پڑھ کر سنائی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ پاک سرزمین پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،رات کی تاریکی میں بزدلانہ فعل قرار دیتے ہیں ،معصوم شہریوں کی شہادت پر افسوس اور مادر وطن کے لئے جانیں قربان ہیں،اختلافات پس پشت ڈال کر متفقہ طورپر قرارداد منظور کروائی،ملک میں مسلط جعلی حکومت اپوزیشن کو دیوار میں چنوا رہی ہے،اپوزیشن کی اے پی سی کو حکومت نے کامیاب کروادیا ، حکومت اخلاقی قدریں کھو چکی ہے اڈیالہ جیل کے باہر بانی کی بہن اور اہم رہنماﺅں سے بدترین سلوک کی مذمت کرتے ہیں، ملکی یکجہتی کے لئے اے پی سی کو موخر کرتے ہیں اس کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔