لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان سے لڑائی کرکے ہمیشہ اپنا نقصان کیاہے ،اگر جنگ چھڑ گئی تو انڈیا کا نقصان پاکستان سے کہیں زیادہ ہوگا،بھارت بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر مسلسل الزامات عائد کرتا رہتا ہے، جو ایک ناقابل قبول رویہ ہے، سوچنا ہوگا پہلگام واقعے کا بینفشری کون ہے؟، اگر پاکستان غیرجانبدرانہ تحقیقات کے لیے تیار ہے تو بھارت کو مثبت رد عمل دینا چاہیے،ایک دوسرے کو فتح کرنے کی سوچ رکھنے کے بجائے بیٹھنا چاہیے،کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ سعد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر، تعلیمی بحران، قومی پالیسیوں میں ناکامی اور بھارت کی سازشوں پر دوٹوک موقف اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ بھارت بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر مسلسل الزامات عائد کرتا رہتا ہے، جو ایک ناقابل قبول رویہ ہے۔پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا، مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن کا قیام ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نالائقیوں اور بھارتی سازشوں کے نتیجے میں بنگلہ دیش بن گیا۔ بنگلہ دیش کو بھارت کے اثر میں رکھنے کی سوچ کامیاب نہیں ہوسکی۔انہوںنے کہا کہ سوچنا ہوگا پہل گام واقعہ کا بینفشری کون ہے؟، ایک دوسرے کو فتح کرنے کی سوچ رکھنے کے بجائے بیٹھنا چاہیے۔پاکستان نہیں چاہتا کہ خطے میں لڑائی ہو اور دونوں طرف خون بہے ، اگر پاکستان غیرجانبدرانہ تحقیقات کیلئے تیار ہے تو بھارت کو مثبت رد عمل دینا چاہیے۔ہمیں ایٹمی تجربے پر بھارت نے ہی مجبور کیا،اگر جنگ چھڑ گئی تو انڈیا کا نقصان پاکستان سے کہیں زیادہ ہوگا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہماری عادت ہے ہیروز کو فراموش کر دیتے ہیں، ان کی دل کھول کر تذلیل کرتے ہیں، ہم اکثر بات کرتے ہیں کہ تعلیم بہت ضروری ہے، جب ہم پالیسی میکنگ پر جائیں تو اساتذہ کو نظرانداز کر دیتے ہیں، مجھے لگتا یہاں غلط اسٹیبلشمٹ یا سول بیوروکریسی کا ہے، باقی لوگوں کو بھی نمائندگی دینا ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پالیسی میکرز کو اس بارے میں سوچنا چاہیے، تعلیم کے شعبے میں ماہرین تعلیم کو اہمیت دینا ضروری ہے ان کو آگے لانا ہوگا۔ ہماری اگلی نسل اردو سے نابلد ہو گئی۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گرائمر اسکولوں سے پڑھنے والوں کی نئی کلاس پیدا ہوگئی، اسکولوں میں ہمارے زبان اور کلچر سے متعلق کچھ نہیں بتایا جا رہا ہے، یہ بھی پالیسی میکرز کا قصور ہے، آج کل افسوسناک صورتحال سے پورا خطہ گزر رہا ہے۔
جنگ چھڑ گئی تو بھارت کا نقصان پاکستان سے کہیں زیادہ ہوگا: خواجہ سعد رفیق



















