لاہور (اپنے نمائندے سے) اوقاف پنجاب و مذہبی امور سابق زیڈ اے لاہور اور مذہبی امور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر افسران کی ملی بھگت، محکمے کی 200 کنال اراضی گمنام شخص کے جعلی انگوٹھے اور دستخط کی بنیاد پر دو سالہ لیز پر دینے کا انکشاف، من پسند کم ریٹ کرایہ داری پر دینے سے محکمہ کو لاکھوں کا نقصان، متاثرہ شہری کا جعلسازی کرنے والے ذمہ دران کے خلاف کارروائی کرنے کی خاطر وزیر اعلیٰ پنجاب کو درخواست، اینٹی کرپشن عدالت میں اوقاف افسران و ملازمین کے خلاف آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف پنجاب و مذہبی امور کے زیر انتظام مزارات کو بہتر بنانے کی خاطر ماضی میں لاہور ایک ہی زون پر قائم تھا جس میں زیڈ اے کی ذمہ داری پر موجودہ زیڈ اے گوجرانوالہ تعینات تھے اس وقت قصور سرکل میں تکیہ گلاب شاہ دربار کھارا کی 129کنال 2مرلے اراضی کو سال 2023-24 اور 2025کرایہ داری پر دی جا چکی ہے اس میں سال 2023-24ءکا ٹھیکہ جو کہ 4 لاکھ 3 ہزار 438 کا ہوا اور سال 2025میں بھی اسی اراضی کا ٹھیکہ 4 لاکھ 84 ہزار 126 روپے کا ہوا جو کہ جمع بھی کروا دیا گیا اسی طرح بلھے شاہ دربار کی 71کنال پانچ مرلے اراضی 276094 میں دیا گیا ہے جو کہ سابق زیڈ اے لاہور اور مذہبی امور کے اسسٹنٹ سمیت قصور سکرل کے منیجر اور دیگر ملازمین کی ملی بھگت سے جعلسازی کی گئی جو کہ محکمہ پولیس کے ملازم کے شناختی کارڈ اور جعلی سائن انگھوٹھے کا استعمال کیا گیا تھا جو کہ پولیس ملازم کی جانب سے اس معاملہ سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ اس متاثرہ ملازم کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب کو تحریری درخواست دی گئی ہے جس میں ان کی جانب سے اس جعلسازی اور اس میں ملوث افسران و ملازمین کی نشاندہی کی گئی اور وزیر اعلی سے اپیل کی ہے کہ وہ قصور سرکل کا تمام تر ریکارڈ قبضہ میں لیا جائے اور تحقیقات کرتے ہوئے اس طرح کی مزید جعلسازی کا سامنے لایا جائے درخواست میں مزید لکھا گیا کہ ڈائریکٹر اسٹیٹ اور اوقاف مذہبی امور ڈی جی آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سابق زونل ایڈمنسٹریٹر لاہور ،مینجرسمیت دیگر نے میرے ساتھ اور محکمہ اوقاف کے ساتھ جعلسازی کی گئی ہے متاثرہ پولیس ملازم نے لکھا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید شوکت نے مجھے ایف بی آر میں گوشوارے جمع کروانے کے نام پر شناختی کارڈ لیا گیا تھا جس پر بعد میں پتہ چلا کہ میرے نام پر 200کنال اراضی پٹہ پر چل رہی ہے جو کہ جعلسازی ہے اوقاف سابق زیڈ اے لاہور شاہد حسین ورک نے موقف دیا کہ آپ پرانے کام کیوں اکھاڑ رہے ہیں؟ اوقاف پنجاب و مذہبی امور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید شوکت سے موقف لینے کی خاطر رابطہ نہ ہوسکا جبکہ متاثرہ شہری عبدالحمید کا کہنا ہے کہ اوقاف کے مذہبی امور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید شوکت نے میرے ساتھ ان افسران کے ساتھ مل کر فراڈ کیا ہے اس جعلسازی اور فراڈ پر وزیر اعلی پنجاب کو درخواست دی گئی ہے مجھے اور محکمہ کے ساتھ ہونے والی مالی کرپشن پر انصاف ہو گا۔ اس بارے میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کا کہنا ہے کہ انکوائری کی فائنڈنگ آنے سے پہلے کوئی سزا نہیں دی جاسکتی۔ آج اینٹی کرپشن میں اس حوالے سے تمام اوقاف افسران و ملازمین کے خلاف فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ اوقاف افسران کی ملی بھگت، 200 کنال اراضی جعلسازی سے 2 سالہ لیز پر دیدی



















