بھارتی رویہ امن کیلئے خطرہ ،فوج جواب دینے کیلئے تیار ہے،زرداری،شہباز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)صدر زرداری،شہبازشریف میں ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ر ہنماﺅں نے بھارت کےساتھ کشیدگی کے پیش نظر سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بھارت کے جارحانہ روئیے ،اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

زرداری،شہباز نے کہابھارتی روئیے سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے، پاکستان ملک کی علاقائی سالمیت و خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرےگا، پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستانی قوم متحد اور اپنی مسلح افواج کےساتھ کھڑی ہے ، افواج پاکستان کسی بھی خطرے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ملاقات میں بھارت کے جارحانہ روئیے و کسی بھی ممکنہ جارحیت پر پاکستان کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا گیا اوربھارتی قیادت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات کے لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا پاکستان 2 دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا، بے پناہ انسانی و معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، عالمی برادری دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے۔

صدر آصف زرداری نے بھارتی بے بنیاد الزامات پر حکومتی ردعمل و ذمہ دارانہ انداز میں صورتحال سے نمٹنے کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری ، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادات کے تحفظ کےلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔