کوئٹہ:(بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم اور سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے ملک کو آگے لیجانے کیلئے سیاسی انتشارختم کرنا ہوگا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا بلوچستان 10، 15 سالوں سے سانحات کا شکار ہے، صوبے کی شاہراہیں محفوظ نہیں، بلوچستان کی معیشت متاثر ہو رہی ہے اور نوجوان مایوس ہو رہے ہیں، سوچنے کی ضرورت ہے بلوچستان میں معاملات کیوں ہیں؟، جب تک ملک میں سیاسی انتشار کو ختم نہیں کیا جائےگا معاملات آگے نہیں بڑھیں گے
سابق وزیراعظم نے کہا جب تک قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی ملک کے معاملات آگے نہیں بڑھیں گے، آئین میں رہ کر وسائل کی تقسیم کرنی ہے اور معاملات کو چلانا ہے، اس سے باہر جائیں گے تو معاملات خراب ہوں گے،ممکن نہیں پاکستان امیر ہو اور بلوچستان غریب رہ جائے، بلوچستان کو پاکستان کا امیر ترین صوبہ ہونا چاہیے، بلوچستان کے وسائل جب تک یہاں کے نوجوانوں کو نہیں ملیں گے، امن نہیں آئے گا۔
ملک کو آگے لیجانے کیلئے سیاسی انتشارختم کرنا ہوگا:شاہد خاقان عباسی



















