اسلام آباد: (بیورورپورٹ) 190 ملین پاونڈ کیس میں عمران خان کی سزا کیخلاف اپیل 2025 میں مقرر ہونے کا امکان نہیں،رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیان جاری کردیا۔
رجسٹرار آفس نے کہا سزا کے خلاف اپیلیں صرف اپنے نمبر پر ہی سماعت کےلئے مقرر ہوں گی۔
تحریری رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا تے ہوئے کہا گیابانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاونڈ کیس میں سزا کےخلاف اپیل رواں سال مقرر ہونے کا کوئی امکان نہیں،نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق فکسیشن پالیسی مرتب کی گئی، فکسیشن پالیسی کے مطابق زیر التوا کیسز اور اپیلوں کو نمٹایا جائے گا،اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس وقت سزا یافتہ مجرموں کی 279 اپیلیں زیر التوا ہیں، سزائے موت کیخلاف 63 اور عمر قید کی سزا کےخلاف 73 اپیلیں زیر التوا ہیں، 7 سال سے زائد قید کی 88 جبکہ7 سال سے کم قید کی 55 اپیلیں زیر التوا ہیں۔
رجسٹرار نے کہا سزائے موت کےخلاف سب سے پرانی زیر التوا اپیل 2017 کی ہے، اپیلیں دائر ہونے کے بعد اپنی اپنی باری پر مقرر ہوتی ہیں، عمران خان کی 14 سال قید کی سزا کےخلاف اپیل 31 جنوری 2025 کو دائر ہوئی، بانی پی ٹی آئی کی اپیل ابھی موشن سٹیج پر ہے، اپیل پر پہلے پیپر بکس تیار ہو گا اس کے بعد اپنے نمبر پر لگے گی۔
عمران کی سزا کیخلاف اپیل رواں سال مقرر ہونے کا امکان نہیں،رجسٹرار آفس



















