بھارت بھول میں نہ رہے،منہ توڑ جواب دینگے،پنجاب،بلوچستان اسمبلی

لاہور،کوئٹہ:(اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)ملکی سالمیت کےلئے سب ایک پیج پر ہیں،بھارت کسی بھول میں نہ رہے،جارحیت کامنہ توڑ جواب دینگے،پنجاب،بلوچستان اسمبلی نے واضح پیغام د ےدیا۔

پنجاب اسمبلی میںعظمیٰ کاردار کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ایوان بھارت کے فالس فلیگ پہلگام آپریشن و جنگی جنون کو یکسر مسترد کرتا ہے، امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے،پاکستان کی افواج اور عوام اپنی حفاظت کرنا جانتے ہیں، پاکستان بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دےگا، عوام بہادر افواج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیامسلح افواج ملک کی حفاظت کےلئے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستانی آرمڈ فورس اور انٹیلی جنس اداروں سے بھارت خوف زدہ ہے،کشمیر شہ رگ ہے ،نہتے کشمیریوں پر ایک ایک ظلم کا حساب لیں گے، پانی لائف لائن ہے، کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،پوری دنیا بھارت کو غیر ذمہ دار ملک کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔

دریں اثنابھارتی الزامات اور جارحیت کےخلاف بلوچستان اسمبلی میں بھی قرار داد پیش کردی گئی ، نواب زادہ میر زرین خان مگسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہابھارت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں، جارحیت کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔

انجینئر عبدالمجید بادینی نے کہا دنیا میں سب سے بڑے دہشت گرد بھارت اور اسرائیل ہیں، بھارت کسی بھی غلطی فہمی میں نہ رہے۔

سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا مودی حکومت اسلام مخالف سیاست پر چلتی ہے، ملکی سالمیت کےلئے سب ایک پیج پر ہیں، بھارت کے پالے ہوئے بلوچستان میں دہشتگردی کررہے ہیں۔