راوی روڈ، دکان میں سلنڈر دھماکہ، متعدد عمارتیں تباہ، ماں بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

لاہور ( کرائم رپورٹر سے) راوی روڈ گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے کا افسوسناک واقعہ، ڈی آئی جی آپریشنز کا متعلقہ محکموں کی مدد سے علاقہ کی سویپ چیکنگ کا حکم، ریسکیو آپریشن کے باعث کچھ وقت کیلئے ٹریفک کوڈائیورٹ کیاگیاتھا، جاں بحق افراد کی شناخت کرلی گئی۔ لاہور میں راوی روڈ پر سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک حادثہ میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔پولیس کے مطابق حادثہ ایل پی جی سلنڈر کی دکان پیش آیا، سلنڈرز پھٹنے کے باعث قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، سلنڈر پھٹنے کے باعث ایک رکشہ بھی متاثر ہوا۔ تین منزلہ گھر کے نچلے حصے میں سلنڈرز کی دکان بنائی گئی تھی، سلنڈر پھٹنے سے تین منزلہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق دو سگے بھائیوں نے سلنڈر اور سپیئر پارٹس کی دکان بنائی ہوئی تھی، دونوں کے اہل خانہ پہلی اور دوسری منزل پر رہائش پذیر تھیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر پولیس کی نفری موقع پر موجود ہے، ڈی آئی جی آپریشنز کا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا، ڈی آئی جی آپریشنز کا متعلقہ محکموں کی مدد سے علاقہ کی سویپ چیکنگ اور ہائی سکیورٹی علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی پوائنٹس بند کروانے حکم بھی دیدیا۔افسوسناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ نصرت حفیظ اور اسکے3 بچے بھی شامل ہیں جس میں 4 سالہ زینب،6 ماہ کا ابراہیم ، 5 سالہ فریال اور 45 سالہ سعمیہ بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں میں 47 سالہ اکبر ،22 سالہ عمیر ، 22 سالہ عدنان، 25 سالہ عرفان، 20 سالہ عاقب، 2 بھائی 4 سالہ خرم اور 3 سالہ احتشام شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے راوی روڈ پر سلنڈر دھماکے کا نوٹس لے لیا، ڈی سی لاہور نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی، سول ڈیفنس کو دھماکے کی وجوہات کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ سلنڈر دھماکے کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی۔ ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا،جاں بحق افراد کے لواحقین کیساتھ تعزیت کرتے ہیں۔ ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فوری فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔