بھارت جنگی جنون میں مبتلا، ہر پاکستانی شہادت کے جذبے سے سرشار ہے: ملک احمد خان

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے 26ویں سالانہ کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سپیکر ملک احمد خان نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ علاقائی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ ملک میں جنگ کا شدید خطرہ ہے اور بھارت جنگی جنون پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے مطابق بھارت اگلے 36 سے 48 گھنٹے میں حملہ کر سکتا ہے۔ بھارت مذموم مقاصد کیلئے پاکستان پر حملے کی تیاری کر رہا ہے، لیکن پاک سرزمین کے دفاع کیلئے پوری قوم تیار ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ ہر بیٹا، بیٹی، ماں، باپ، استاد، شاگرد اور شہری سیسہ پلائی دیوار بنے گے۔ پاکستانی قوم جانتی ہے لا الہ الا اللہ کی حرمت کیا ہے۔ پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ ....یہی نظریہ ہماری وحدت اور بنیاد ہے۔ ہر پاکستانی شہادت کے جذبے سے سرشار ہے۔سپیکر ملک احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، اور شفاف انکوائری کا مطالبہ کر چکا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی دہشت گردی کے واضح ثبوت فراہم کئے ہیں۔ بھارت پاکستان میں دراندازی اور شرانگیزی کو ہوا دے رہا ہے۔ مودی سرکار انتخابات میں پاکستان مخالف جذبات ابھار رہی ہے اور سیاسی مقاصد کے لیے پاکستان پر الزامات لگا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک نیوکلئیر طاقت ہے، اور ایٹمی جنگ کی صورت میں مڈل ایسٹ 25 سال سورج کی روشنی سے محروم ہو جائے گا۔ ایٹمی ایکسپوڑر کے بعد 50 سال تک زمین بنجر ہو جائیگی۔ اگر پاکستان پر آنچ آئی تو ہر فرد اپنی جان، مال، آل و اولاد قربان کر دے گا۔ معاشی پہلو پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوٹل، ٹورازم اور کامرس ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاکستان میں ہوٹلنگ اور ٹورازم انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ حکومت پنجاب فنی تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم اقدامات کر رہی ہے۔سپیکر ملک احمد خان نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ اگر وہ محنت، اخلاص اور دیانتداری سے کام کریں تو ایک شاندار مستقبل ان کا منتظر ہے۔