لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی روایت کے مطابق ضمنی الیکشن لڑے گی،کارکن اور عوام ہماری طاقت ہیں، ہم الیکشن میں آپکے ساتھ الیکشن لڑیں گے،وہ ڈسکہ میں رانا محمود اشرف، رانا فاروق اشرف کی رہائشگاہ پر پی پی 52سیالکوٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے جانیوالے امیدواروں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر چودھری اختر علی چھوکر،چودھری ریاض، ڈاکٹر جاوید جان،تنویر جٹ،حسن اشرف بھٹی، سید ریاض شاہ،شہباز خان،عبدالرزاق سلیمی، رانا فاروق اشرف،شوکت اعوان، نوین سلیم اور دیگر بھی موجود تھے۔حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ پی ایس ایف، پیپلز یوتھ، پی ایل ایف اور پارٹی عہدیداروں نے الیکشن بنانا اور ہم حوصلے اور قوت سے الیکشن لڑینگے،پارٹی نے جس ساتھی کو ٹکٹ دیا ہم مل کر اسکا الیکشن لڑیں گے۔ دریں اثناءانہوں نے ڈسکہ انتظامیہ کی طرف سے پیپلز پارٹی امیدواروں کے بینرز اتارنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن عملے نے صوبائی لیڈرشپ کے استقبالیہ بینرز اور فلیکسز اتار لئے ہیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ مقامی انتظامیہ انتقامی ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی تو گھیراو کرینگے،پیپلز پارٹی اور اسکے امیدواروں کو ایسی حرکتوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔حسن مرتضیٰ نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمشن مسلم لیگ (ن) اور ڈسکہ انتظامیہ کی انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لے۔
اپنی روایت کے مطابق ضمنی الیکشن لڑینگے، کارکن اورعوام طاقت ہیں :حسن مرتضیٰ



















