سندھ کے پانی کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے: عمر ایوب

کراچی (مشرق نیوز) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم سندھ کے پانی کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے، متنازعہ نہروں کے خلاف سندھ کے عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

عمر ایوب نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے دریائے سندھ بچاﺅ تحریک، اپوزیشن جماعتوں، وکلا برادری، حلیم عادل شیخ کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے چھ ماہ قبل سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے کے خلاف پارلیمنٹ میں بھی آواز اٹھائی تھی، الیکشن سے کچھ گھنٹے قبل ایکنک کی میٹنگ میں سندھ کا پانی چوری کر کے چولستان کو دینے کی اجازت دی گئی۔

قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد نے کہا کہ 8 جولائی 2024 کو آصف علی زرداری نے گرین پاکستان انیشیٹیو کے نام سے ایک اجلاس کی صدارت کی، اس میں آصف علی زرداری نے اجازت دی جس کی ہم نے دستاویزات پیش کی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم سندھ کے پانی کے دفاع کے لئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے، سندھ کے پانی کے دفاع کیلئے اپوزیشن جماعتوں اور وکلا نے بھرپور کردار ادا کیا۔

عمر ایوب نے واضح کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں نہریں بنانے کا فیصلہ ابھی موخر ہوا ہے۔