ہرطرح کی صورتحال کےلئے تیار ، حملہ ہوا تو مکمل جنگ ہوگی،خواجہ آصف

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پاکستانی فوج ہرطرح کی صورتحال کےلئے تیار ہے، حملہ ہوا تو مکمل جنگ ہوگی، دنیا کو جوہری طاقتوں کے درمیان مکمل تصادم کے امکان پر فکر مند ہونا چاہیے۔

برطانوی ٹی وی سکائی نیوز کو انٹرویو میں وزیر خواجہ آصف نے پہلگام حملے کو بھارت کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیتے ہوئے کہاپاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دے گا، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینگے، دونوں ملکوں میں تصادم کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے، جیسا حملہ ہوا ویسا ہی جواب ہوگا، پاک بھارت تنازع مکمل جنگ کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔

دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہالائن آف کنٹرول پر صورتحال کشیدہ ہے، بھارت کسی بھی ایڈونچر سے باز رہے،پاکستان بھارت کا مقابلہ کرنے کےلئے 200فیصد تیار ہے،مودی حکومت کو کشیدگی نہیں بڑھانی چاہیے، بھارت کے پاس پہلگام واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں، دہشتگردی واقعہ میں بڑی تعداد میں مسلمانوں کی بھی جان گئی۔

خواجہ آصف نے کہابھارتی میڈیا معاملے کو فلمی انداز میں پیش کررہا ہے ، بھارتی میڈیا پر بالی ووڈ کا بہت زیادہ اثر ہے ، بھارت کا پاکستان کے شہروں میں دہشتگردی کا منصوبہ ہے، بھارت بی ایل اے ، ٹی ٹی پی کو استعمال کررہا ہے ،بی ایل اے اور ٹی ٹی پی بھارت کی پراکسی ہیں۔