مقامی بزنس مینوں کو سہولیات فراہم کرکے ہی خطے میں صنعتی ترقی ممکن ہے : پیر عمران شاہ

ساہیوال (بےورو رپورٹ) وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ کا دورہ ساہیوال چیمبر، صدر شیخ عظمت سلیم اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے چیمبر آمد پر وفاقی وزیر کا بھرپور استقبال کیا اور انہیں وفاقی وزیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ممبران صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور محمد ارشد ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے چیمبر ارکان سے ملاقات میں ساہیوال میں نئی سمال انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مقامی صنعتکاروں کو سہولیات فراہم کرکے ہی خطے میں صنعتی ترقی ممکن ہے جس سے بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہوگا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود سمیت صدر ساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم، نائب صدر شیخ شکیل احمد، سابق صدر رانا وسیم اختر، سیکرٹری چیمبر محمد طارق اعوان، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران شیخ محمد آصف، میاں محمد اجمل، مہر ثاقب رسول، رانا یعقوب، رانا قیصر اور اراکین بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں صدر شیخ عظمت سلیم نے مقامی صنعتکاروں کو درپیش مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ایگروبیسڈ انڈسٹری کے قیام کی راہ ہموار ہو۔انہوں نے کہا کہ پہلی انڈسٹریل سٹیٹ میں کوئی پلاٹ خالی نہیں اور صنعتکاروں کو شدید مشکلات پیش ہیں اور صنعتکاری رکی ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے ساہیوال چیمبر کے صدر شیخ عظمت سلیم کے والد اور شہر کی ممتاز سماجی شخصیت شیخ محمد یونس مرحوم (ستارہ امتیاز) کی دکھی انسانیت کیلئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں قائم ڈائیلیسز سنٹر ان کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھے گا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ چند روز میں نئی انڈسٹریل سٹیٹ کیلئے موزوں جگہوں کی نشاندہی کریگی جسے چیمبر کے مشورے سے حتمی شکل دے کر صوبائی حکومت کو بھجوا دیا جائیگا۔