لاہور (خبرنگار) شاہ عالم سرکلر روڈ پر مارکیٹ کی اجازت کے بغیر غیر قانونی تعمیر کو مسمار کردیا گیا، میٹروپولیٹن کارپوریشن نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی مارکیٹ کو مسمار کیا۔ مذکورہ خبر پر سرکاری موقف جاننے کیلئے جب میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل اور چیف افسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا سے رابطہ کیا گیا تو ان سے بات نہ ہوسکی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ مارکیٹ بلدیہ عظمیٰ کی سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے بنائی جا رہی تھی، مقبوضہ اراضی کو کئی دہائیوں سے تجارتی سرگرمیوں کیلئے استعمال کیا جارہا تھا تاہم اس کو وسعت دینے کیلئے بغیر نقشہ کے ناجائز تعمیر شروع تھی جس کا انکشاف ہونے پر بلدیہ عظمیٰ نے مارکیٹ کو مسمار کر دیا۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور کو معلوم ہوا کہ مذکورہ اراضی پر صرف غیر قانونی تعمیر کا ہی الزام نہیں بلکہ یہ ساری اراضی بلدیہ عظمیٰ کی ملکیتی ہے جس پر ناجائز قبضہ تھا۔ یہاں حیران کن امر یہ ہے کہ ایم سی ایل کی پراپرٹیز پر قبضوں سے متعلق سٹیٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ بلدیہ عظمیٰ کو آج تک گمراہ کیا جاتا رہا ہے، سٹیٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سابقہ کمپیوٹر آپریٹر، انسپکٹر اور متعلقہ پٹواری کی جانب سے یہ کہ کر پوچھ گچھ کا سلسلہ بند کرنے کا کہا جاتا رہا ہے کہ مذکورہ اراضی میٹروپولیٹن کی نہیں بلکہ محکمہ اوقاف کی ہے، افسروں کو جھوٹ بول کر کئی دہائیوں تک مزکورہ اراضی سے بڑی رشوت بٹوری جاتی رہی ہے۔ مذکورہ مقبوضہ اراضی کو مسمار کرنے کے بعد ہونا تو اب یہ چاہئے کہ اصل ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ حالیہ کامیاب آپریشن کے بعد بلدیہ عظمیٰ لاہور کے افسران کو شاہ عالم مارکیٹ سمیت پورے لاہور میں سرکاری پراپرٹی کی تلاش شروع کر دینی چاہیے۔ ایک اندازے کے مطابق لاہور کے پوش اور کمرشل ایریاز میں ایم سی ایل کی ابھی بھی بے پناہ پراپرٹیز پڑی ہوئی ہےں جو سابقہ کمپیوٹر آپریٹر، سٹیٹ مینجمنٹ انفورسمنٹ انسپکٹرز اور پٹواریوں کی بے ایمانی اور رشوت کی طمع کے باعث سرکاری ریکارڈ سے نکال دی گئی ہیں، اگر پراپرٹیز کی غیر جانبدارانہ چھان بین کا سلسلہ شروع کر دیا جائے تو بلاشبہ ایم سی ایل کو اربوں روپے کی پراپرٹیز کا حق واپس مل سکتا ہے۔
سرکلر روڈ، میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارروائی، مارکیٹ کی غیرقانونی تعمیر مسمار



















