مشکل صورتحال میں نظریہ کو مقدم رکھنا ہی سیاست ہے:گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ مشکل صورتحال میں نظریہ مقدم رکھنا ہی سیاست ہے،پیپلز پارٹی کارکنوں کی جماعت ہے، بحیثیت کارکن پی پی قیادت نے گورنر بنایا،ملک کو آگے لے کر جانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر پارلیمانی نظام کو مضبوط کریں، قانون کی بالادستی کیلئے وکلا نے تاریخی جہدوجہد کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں، ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی پہنچنے پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی جنرل باڈی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے عزت افزائی کی جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے میرا مشکل وقت میں ساتھ دیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ2008ءکا الیکشن مشکل الیکشن تھا مگر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے متحرک کردارکی وجہ سے کامیابی حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مشکل صورتحال میں نظریہ مقدم رکھنا ہی سیاست ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ راولپنڈی میں پلا بڑھا ہوں، ڈسٹرکٹ بار سے ہمیشہ قریبی تعلق رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کیلئے وکلا نے تاریخی جہدوجہد کی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حقیقی جمہوریت صرف وکلا میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاﺅس لاہور کے دروازے بلاتفریق سب کیلئے کھلے ہیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزیدکہا کہ پیپلز پارٹی کارکنوں کی جماعت ہے، بحیثیت کارکن پی پی قیادت نے گورنر بنایا۔ پی پی نے ہی رکشہ ، سائیکل چلانے والے اور جھگی میں رہنے والوں کو سینٹر بنایا۔ پی پی نے کارکن پرویز اشرف کو وزیر اعظم بنایا۔ مجھے گورنر بنایا ، پی پی ہمیشہ سیاسی کارکنوں کو اہمیت دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن میں دھاندلی کا شور اٹھتا ہے، ہارنے والا احتجاج کرنا شروع کر دیتا ہے جس سے حکومتی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نظام کو چلانے کیلئے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے کہ کوئی نظام پر انگلی نہ اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لے کر جانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر پارلیمانی نظام کو مضبوط کریں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ شفاف الیکشن کیلئے سب مل بیٹھ کر اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ پی پی کی 2008ءمیں بننے والی حکومت کو سو موٹو ایکشن کا بار بار سامنا کرنا پڑا جو حکومت کے خلاف سازش تھی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو جیسے رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا گھر ہے یہاں ہی جینا مرنا ہے۔ سچ اور حق بات کہتا رہوں گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی عزت اور وقار کے لیے ہر طرح کی قربانی دیتے رہیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وکلا قیادت کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے کہ گورنر پنجاب ہمارے درمیان موجود ہیں۔ گورنر پنجاب ہمارے ڈویژن سے ہیں۔گورنر پنجاب ملنسار انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار راوالپنڈی خوبصورت روایات کی حامل ہے اور اس بار سے بے نظیر بھٹو نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں صدر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی سردار منظر بشیر، سابق جسٹس قلب حسن شاہ ممبر پاکستان بار کونسل، بشارت اللہ خان وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل، اسد عباسی ممبر پنجاب بار کونسل،ساجد تنولی سیکرٹری جنرل پیپلز لائرز فورم سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔