آذربائیجان کے ساتھ دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے:ملک احمد خان

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر ملک احمد خان سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی اسمبلی چیمبر میں وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ وفد میں سفیر کی اہلیہ ترانہ فرہادوف اور بیٹا نجات سمیت صدر آذر بائیجان ٹریڈ ہاوس عدیل شجاع بٹ اور پی آر اوآذر بائیجان ہاوس حافظ محمد عثمان شفیق شامل تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان، آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلے سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ سپیکر نے آذربائیجان کے سفیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے اور دونوں ممالک کے مابین تجارت اور تعاون مستقل طور پر فروغ پا رہے ہیں۔ سپیکر ملک احمد خان نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ دونوں برادر ممالک میں تعلقات مذہب، بھائی چارے اور باہمی احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی اور تجارتی سطح پر رابطوں کو فروغ دے کر دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت، تعلیم، توانائی، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ آذربائجان سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔