PTIنے مائنز اینڈ منرلز بل کی منظوری عمران کی اجازت سے مشروط کردی

پشاور:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے مائنز اینڈ منرلز بل کی منظوری عمران خان کی اجازت سے مشروط کردی،خیبرپختونخوا اسمبلی میں مائنزاینڈ منرلز بل پرسیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ،وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے مائنز اینڈ منرلز بل کے تمام اہم نکات پرجامع وضاحت دی۔

اعلامیے میں کہا گیا مائنز اینڈ منرلز بل کی منظوری بانی پی ٹی آئی سے تفصیلی مشاورت کے بعد ہوگی ،اجازت لینے کے بعد بل اسمبلی سے منظور کرایا جائےگا،بل بانی کے ایجنڈے، منشور، بیانیے اور عوامی امنگوں کے عین مطابق ہوگا، کسی قسم کی جلد بازی کی گئی نہ کی جارہی ہے۔

کمیٹی نے کہابل میں حقوق ومعدنی وسائل ایس آئی ایف سی یا کسی وفاقی ادارے کو منتقل کرنے کی کوئی شق شامل نہیں، تمام سٹیک ہولڈرز کی مثبت تجاویزکوخوش آمدید کہیں گے ،منظوری سے قبل دیگرپارلیمانی جماعتوں سے مشاورت جاری رہے گی۔

اعلامیے کے مطابق سیاسی کمیٹی میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے 8 اپریل کی ملاقات کی ہدایات جاری کی گئیں، ملاقات کرنے والے افراد کو تفصیلات یا ہدایات پر میڈیا سے بات چیت کرنے سے سختی سے منع کردیا گیا، ملاقات کرنے والے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات تحریری طور پر سیکرٹری اطلاعات کو دیں گے،تحریری ہدایات و بیانات مرکزی سیکرٹری اطلاعات ہی جاری کرنے کا مجاز ہوگا، سیکرٹری اطلاعات کے سوا کسی بھی بیان کو مصدقہ نہیں سمجھا جائے گا، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت ہے پارٹی عہدیدار ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں، خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری ہوگا، ذمہ داریاں واپس لے لی جائیں گی۔