لاہور (اپنے کرائم رپورٹر سے) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سندس فاونڈیشن کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ چیئرمین سندس فاونڈیشن حاجی سرفراز احمد کی قیادت میں بچوں نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی فنانس ڈاکٹر ندا عمر چٹھہ اور اے آئی ویلفیئر عبدالرحیم شیرازی سمیت سینئر افسران موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے تھیلیسیمیا کے بچوں کی سرپرستی اور سپورٹ کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے،پنجاب پولیس نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے اب تک لاکھوں بوتل خون عطیہ کیا۔یاد رہے پنجاب پولیس نے کورونا وبا کے دوران بھی تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے خون کے عطیات دیئے تھے۔ شہریوں اور تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی میں ورچوئل بلڈ بینک قائم کیا گیا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ 161 بچوں کو 45 ہزار روپے سہ ماہی بنیادوں پر دیئے جا رہے ہیں۔پنجاب پولیس سالانہ 2 ارب روپے سے زائد شہداءاور ملازمین کی فیملیز کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے جبکہ 3 ہزار سپیشل بچوں کو رجسٹر کرکے بیماریوں کی تشخیص اور علاج معالجہ کروایا گیا ہے۔دماغی معذوری کا شکار 632 بچوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے امداد دی جا رہی ہے۔شہداءاور پولیس ملازمین کے بچوں کو کڈنی، لیور، ہارٹ سرجری اور سنگین امراض کے علاج معالجے کیلئے 32 کروڑ روپے فنڈز خرچ کئے گئے ہیں۔قوت سماعت سے محروم 34 بچوں کے کوکلیئر امپلانٹ سرجری کیلئے 6 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ سپیشل اداروں میں زیر تعلیم بچوں کو ساڑھے 4 لاکھ روپے سالانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سندس فاونڈیشن کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں نے شہدا و غازی والز، میوزیم، کانسٹیبلری لاوئج سمیت سی پی او کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔چیئرمین سندس فاونڈیشن حاجی سرفراز احمد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو پھولوں کا گلدستہ اور سوونیئر پیش کیا۔دوسری طرف پنجاب پولیس کی غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم جاری ہے جس کے تسلسل میں لاہور سمیت صوبہ بھر سے اب تک 7633 غیر قانونی مقیم افرادکو ڈی پورٹ کروایاجا چکا ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مہم کے دوران 8839 سے زائد غیر قانونی مقیم باشندوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا گیا ہے اور 1206 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور میں 05جبکہ صوبہ بھر میں 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح انٹرنیشنل قوانین کے تحت ڈی پورٹیشن پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔89 ہزار کے قریب غیر قانونی مقیم افراد کا تمام ڈیٹا موجود جس میں اے سی سی ہولڈرز بھی شامل ہیں۔وفاقی حکومت اور حساس ادارے غیر قانونی مقیم باشندوں کی ڈی پورٹیشن مہم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تمام غیر قانونی مقیم شہریوں کا انخلا یقینی بنا رہے ہیں اور سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔انخلا کے عمل کے دوران ہیومن رائٹس کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز غیر قانونی مقیم غیر ملکی تارکین کے انخلا کے عمل میں تیزی لائیں۔سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
پنجاب پولیس نے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی سرپرستی کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے: عثمان انور



















