چائلڈ کیئر اصلاحات کا آغاز کیا جا رہا ہے: وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور (مشرق نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چائلڈ کیئر اصلاحات کا آغاز کیا جا رہا ہے، ایس او ایس انٹرنیشنل کا شراکتی کردار اہم ہو گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایس او ایس چلڈرن ویلیج انٹرنیشنل کے صدر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران یتیم اور بے سہارا بچوں کے تحفظ، تعلیم، ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے اشتراک کار مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب میں ایس او ایس ماڈل کے فروغ اور بہتری کیلئے تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بے بس اور لاوارث بچوں کا سہارا بننے پر ایس او ایس ولیج کی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت پنجاب ذمہ داریاں ماں کے جذبے سے نبھا رہی ہے، ایس او ایس ولیج میں محفوظ چھت، معیاری تعلیم فراہم کیا جانا قابل تحسین ہے۔ ملاقات سے متعلق جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق صدر ایس او ایس ولیج نے بھی وزیراعلیٰ مریم نواز کے سماجی خدمت کے وژن اور بچوں سے محبت پر مبنی پالیسی کو سراہا۔

صدر ایس او ایس چلڈرن ولیج انٹرنیشنل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی چائلڈ کیئر پالیساں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کیلئے امید کا پیغام ہیں۔