ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ پر ٹف ٹائل لگانے، لینڈ سکپنگ کرنے اور ڈرین صاف کرنے کے جاری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے شہر کی اس اہم سڑک کو ماڈل روڈ قرار دیدیا ہے لہٰذا متعلقہ ادارے اپنے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل خداداد تارڑ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید کی ہدایت پر بھٹو نگر اور مسلم بن عقیل کالونی کے سیوریج مسائل حل کرنے کے لئے کارپوریشن اقدامات اٹھا رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ مسائل اسی ہفتے حل ہو جائیں گے۔ کمشنر ساہیوال نے صرافہ بازار اور ملحقہ بازاروں کے پارکنگ مسائل حل کیلئے جگہ مختص کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے سامنے تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فوری ختم کرنے اور وہاں ٹف ٹائل لگانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کنعان پارک میں ٹف ٹائل لگانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ چیف آفیسر ضلع کونسل خداداد تارڑ نے بتایاکہ ضلع کونسل کی جانب سے 20کروڑ58لاکھ41ہزار روپے کی خطیر رقم سے چک نمبر90/9L، 94/6Rاور135/9L کے لئے تین سیوریج سکیمیں تیار جی گئی ہیں جن کی تکمیل سے ان علاقوں کے سیوریج مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوجائیں گے۔
ہائی سٹریٹ شہر کی انتہائی اہم سڑک، متعلقہ ادارے ترقیاتی کام جلد مکمل کریں: کمشنر ساہیوال



















