غیر قانونی مقیم غیر ملکی شہریوں کے انخلاءکا عمل بلاتعطل جاری ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (پ ر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت غیر قانونی مقیم تارکین کے انخلا کی حکومتی مہم بارے اہم اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور سمیت صوبہ بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کے انخلا کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی شہریوں کے انخلا کی حکومتی مہم کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا گیا۔ 2353 غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد پہلے سے ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں جبکہ 203 افراد کو متعلقہ اداروں کی مدد سے ملک سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ اداروں سے کوارڈینیشن جاری ہے اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو مخصوص پوائنٹس سے پنجاب کی حدود سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے۔ غیر قانونی مقیم شہریوں کو منتقلی کے عمل کے دوران ہولڈنگ پوائنٹس پر رکھا جا رہا ہے۔ منتقلی کے لئے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور کھانے پینے سمیت دیگر انتظامات متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی شہریوں کے پنجاب سے انخلا کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین کے انخلا کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ حکومتی احکامات کے تحت تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو جلد از جلد واپس بھجوایا جائے۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل بلا تعطل جاری رکھیں۔ غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کی میپنگ، سکینگ، سکریننگ کے مطابق چیکنگ کی جائے۔ انخلا کے عمل کے دوران انسانی حقوق کی پاسداری ہرصورت یقینی بنائی جائے۔ تمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران انخلا کے عمل کے دوران ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوارڈینیشن رکھیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی معروف واہلہ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، ڈی آئی جی سپیشل برانچ خرم شہزاد, ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر سلامت سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے ملک کی اندرونی سرحدوں کو محفوظ بنانے والے نڈر اور جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب نے لکھانی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے 37 افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے 7 لاکھ 40 ہزار روپے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یاد رہے افسران و اہلکاروں نے 28 مارچ کو لکھانی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا تھا۔سرچ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کی ہلاکت اور بڑی تعداد میں دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی ہوئی تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ افسران و اہلکاروں نے جس بہادری سے خوارجی دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائے وہ قابل فخر ہیں۔ پنجاب پولیس الرٹ ہے، خوارجی دہشت گردوں کو پنجاب میں ہرگز داخل نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب پولیس کا ہر سپاہی دہشت گردوں، شر پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے بین الصوبائی سرحدی چوکیوں کو جدید ترین اسلحہ فراہم کیا گیا ہے اور ہارڈ ایریاز میں ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کیلئے بلٹ پروف سنگل و ڈبل کیبن گاڑیاں بھی دی جارہی ہیں۔ پنجاب پولیس قبل ازیں بھی خوارجی دہشت گردوں کے درجنوں حملے ناکام بنا چکی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ افسران و اہلکاروں کو 20 ہزار روپے فی کس کیش انعام اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں ڈی جی خان کے 18، ملتان 5، فیصل آباد اور خانیوال 3، گجرات 2، وہاڑی، گوجرانوالہ، مظفرگڑھ، ننکانہ صاحب، ٹیلی اور ایلیٹ کا ایک ایک اہلکار شامل ہیں۔