فضل الرحمن سے ملاقات،اپوزیشن کسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بن رہی،خاقان
ڈی آئی خان: (بیورورپورٹ)عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن سے رہائش گاہ پر ملاقات کی،عید کی مبارکباد دی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
صحافیوں سے گفتگو میںشاہد خاقان عباسی نے ملک کو درپیش بحرانوں کے خاتمے کےلئے قومی سوچ ،سیاسی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا اپوزیشن کسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بن رہی ، تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ترجیح ہے، افغانستان کےساتھ بات چیت خیبرپختونخوا حکومت کا اختیار نہیں بلکہ ریاستی سطح کا معاملہ ہے،بین الاقوامی تعلقات ہمیشہ ریاست کی سطح پر طے پاتے ہیں، صوبائی حکومت کی براہ راست مداخلت سے مسئلے کے حل کی بجائے پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہاملک معاشی، سیاسی و سکیورٹی بحرانوں کا شکار ہے،مسائل کا واحد حل جمہوری عمل ، سیاسی استحکام میں پوشیدہ ہے، بجلی کی قیمت میں حالیہ کمی حکومتی کارکردگی کا نتیجہ نہیں بلکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی کے باعث ممکن ہوئی،بلوچ عوام کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔



















