عمران سے ملاقات فیصلے پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کیلئے عدالتی فیصلے پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے سیکرٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 24 مارچ کو لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا فیصلہ دیا، فیصلے کے مطابق منگل اور جمعرات ملاقات کرانا ضروری ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جیل حکام کی جانب سے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔

شبلی فراز نے عدالت سے جیل حکام و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی ہے۔