زائد کرایہ وصول کرنےوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاﺅن کا حکم

لاہور: (اپنے رپورٹرسے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے عید پر زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کےخلاف کریک ڈاﺅن کا حکم دےدیا۔

مریم نواز نے مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ڈپٹی کمشنرز زائد کرایوں کی وصولی روکنے کےلئے مانیٹرنگ کریں،تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے ضروری اقدامات کیے جائیں ۔

وزیر اعلیٰ نے بس سٹینڈز کی انتظار گاہوں پر بیٹھنے کے مناسب انتظام ، پنکھے کی موجودگی یقینی بنانے ، عوام کو ریلیف دینے کےلئے محکمہ ٹرانسپورٹ ودیگر متعلقہ حکام کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاعید کے موقع پر گھر کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہر بس سٹینڈز پر کرائے نامے نمایاں آویزاں کرکے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنےوالوں کےخلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔

دریں اثنا مریم نوازنے تونسہ کی لکھانی چیک پوسٹ پر خارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاپولیس جوانوں نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیا۔