جماعت اسلامی کی اپوزیشن الائنس میں شمولیت سے معذرت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عید کے بعداپوزیشن کی احتجاجی تحریک غیر یقینی صورتحال کا شکار،جماعت اسلامی نے معذرت کرلی۔

ذرائع کے مطابق الائنس کے تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل نہ ہونے کے باعث عید کے بعد احتجاجی تحریک کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی، دوسری جانب جماعت اسلامی نے اپوزیشن الائنس میں باضابطہ شمولیت سے معذرت کر لی اور علیحدہ احتجاجی تحریک چلانے میں دلچسپی رکھتی ہے،ذرائع نے کہا اپوزیشن الائنس نے جماعت اسلامی کو اسلام آباد میں مشترکہ احتجاج کی تجویز دی تھی جبکہ جماعت اسلامی کو راولپنڈی میں احتجاج کرنے کی تجویز دی گئی تاہم جماعت اسلامی نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔

ممکنہ اپوزیشن اتحاد کے چیئرمین محمود خان اچکزئی ہوں گے جبکہ صدر کا عہدہ جمعیت علمائے اسلام کو دیا جائےگا، اتحاد میں شامل ہر جماعت کا ایک نمائندہ بطور نائب صدر کام کرے گا، انفارمیشن سیکرٹری یا ترجمان کےلئے مصطفی نواز کھوکھر کا نام زیر غور ہے، جنرل سیکرٹری کا عہدہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ حامد رضا کو دئیے جانے کا امکان ہے۔