لاہور، قصور (اپنے رپورٹر سے+ بیورو رپورٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے متحرک ہوگئے۔ قصور میں اپنے آبائی یونین کونسل کھڈیاں میں سینٹری ورکرز کے ساتھ جھاڑو اٹھا کر صفائی مہم کا آغاز کیا اور صفائی کیلئے جدید مشینری عملے کے حوالے کی۔ انہوں نے سینٹری ورکرز کو اپنا اور پوری قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ سپیکر ملک احمد خان کی جانب سے معاشرے کے نظرانداز طبقے کی عزت افزائی کیلئے ایک خصوصی افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں بڑے بڑے جاگیرداروں نے کھڑے ہو کر سینٹری ورکرز کا شکریہ ادا کیا۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہات کی صفائی کیلئے ماضی میں کئی رکاوٹیں حائل رہیں، مگر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے وسائل کا رخ دیہات کی طرف موڑ کر ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ صفائی کی ذمہ داری کسی ایک مخصوص طبقے تک محدود نہیں ہونی چاہئے بلکہ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے اس موقع پر عزم کا اظہار کیا کہ قصور کے تمام دیہات کو صفائی کے حوالے سے ماڈل گاو¿ں میں تبدیل کیا جائیگا تاکہ انہیں ملک بھر کیلئے ایک مثال بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب کے مشن کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ تقریب سے وزیر مملکت ملک رشید احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھڈیاں کو صفائی کا ماڈل بناکر تاریخ رقم کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ستھرا پنجاب کے مشن کو کامیاب کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زورلگائیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ قصور کے ستھرا پنجاب کے ورکرز، حلقے کے تمام چیئرمین، وائس چیئرمین، لیگی عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔
صفائی کی ذمہ داری کسی مخصوص طبقے تک محدود نہیں ہونی چاہئے : ملک احمد خان



















