استحکام آگیا،دعا ہے آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو،وزیراعظم

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے استحکام آگیا، قرضے کی زندگی کو وقار میں بدلنا ،دعا ہے آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو کیونکہ قومیں آئی ایم ایف پروگرام سے ترقی نہیں کرتیں، قومیں آئی ایم ایف پروگرام سے اپنی معیشت کو مستحکم کرتی ہیں۔

پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ حب کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا بطور وزیراعلیٰ میرٹ کی بنیاد پر طلبہ میں 4 لاکھ لیپ ٹاپ مفت تقسیم ،تعلیم، صحت و نوجوانوں کےلئے ترجیحی اقدامات کیے،نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی اور ووکیشنل ٹریننگ دی جائے تو ملک کا سرمایہ بنیں گے، دنیا جدید ترین ٹیکنالوجی کی متقاضی ہے، مختلف ممالک تیل، گیس و معدنیات سے مالا مال ہیں ،پاکستان کا سرمایہ کروڑوں نوجوان ہیں، سرمایہ نچھاور کریں گے توپاکستان دنیا کا سب سے ترقی یافتہ ملک بنے گا۔

وزیراعظم نے کہا نوجوانوں کو خود مختار بنانے کےلئے درکار اخراجات فراہم کیے جائیں گے، ٹریننگ سینٹرز میں بہترین ٹرینرز آنے چاہئیں، نوجوان اثاثہ ہیں، بہترین ہنر سے نوازیں گے، ہنرمند نوجوانوں کی بدولت ملک کا مستقبل شاندار بنائیں گے،نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں 77سالوں میں قرضے کتنے بڑھے ، دعا ہے آئی ایم ایف کا پروگرام آخری ہو۔

شہبازشریف نے کہاسٹاف لیول معاہد ہوچکا ، مئی میں ایک ارب ڈالر کی قسط موصول ہوجائے گی ،قرضے کی زندگی کو وقار میں بدلناصرف محنت، محنت اور محنت سے ممکن ہے،پچھلے 3 ہفتے 34 ارب خزانے میں آئے ، 22-2021 میں ڈالر ، روپے کی بالکل ایکوٹیز خراب ہوگئیں ،روپیہ بہت نیچے جارہا تھا تو بینکوں نے زرمبادلہ پر بے پناہ منافع کمایا اور جب ٹیکس لگا تو سب عدالتوں میں چلے گئے، کئی سال سے سٹے آرڈر تھا۔

وزیراعظم نے کہاپچھلے ایک سال میں نے قرضوں سے جان چھڑانے کا منصوبہ بنایا، کھربوں کے مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں، ایف بی آر ، بینکوں کے تناو¿ کو توڑا، سندھ ہائی کورٹ سے حکم امتناع خارج کرایا، 23 ارب خزانے میں آگئے، لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حکم امتناع ختم ہونے سے 11 ارب خزانے میں آئے،آخری دم تک نوجوانوں کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا، قرضوں سے نجات دلاوں گا،نوجوانوں کو باعزت روزگار کے حصول کے قابل بنانا ہے، خادم بن کر پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا،نوجوان چیلنج کےساتھ ساتھ عظیم موقع بھی ہیں،نوجوانوں کی تربیت ،جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پرسرمایہ کاری سے پاکستان چند سالوں میں ترقی یافتہ ملک بن جائےگا۔

دریں اثنا اسلامی نظریاتی کونسل کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے وزیراعظم نے کہا انتہا پسندی ، نفرت اور تقسیم کے روئیے اسلامی تعلیمات و سوچ کے منافی ہیں ، اسلامی نظریاتی کونسل ،علمانوجوان نسل کو منفی رویوں ،جھوٹے پروپیگنڈہ کی یلغار سے تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ا دا کریں،کونسل نے پرتشدد عناصر کےخلاف مضبوط بند باندھا ہے، قیام پاکستان کے اصل مقاصد کے حصول کےلئے اجتماعی تدبر وحکمت عملی سے آگے بڑھنا اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنا ہے، کونسل اپناقائدانہ کردار ادا کرے تاکہ پاکستان کوصحیح معنوں میں اسلامی ریاست بنایا جاسکے۔

شہبازشریف نے کہا ٹیکنالوجی ،جدید ایجادات نے دنیا کو مکمل طور پر بدل دیا، اسلامی نظریاتی کونسل کے کریڈٹ پر بے شمار کارنامے ہیں، اسلامی بینکاری کا قیام کوئی چھوٹا کارنامہ نہیں،کونسل اراکین فرقہ واریت سے پاک اورقوم کے اندروحدت ،اتحاد میں حائل رخنہ دور کرنے کےلئے مل کر کام کررہے ہیں، عہد کرنا ہے اجتماعی تدبر وحکمت عملی سے آگے بڑھ کر دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرینگے۔

مزید برآں ہواوے کے چیف ایگزیکٹو افسرایتھن سن کی زیر قیادت 5رکنی وفد سے گفتگووزیراعظم شہبازشریف نے کہا نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں فنی تربیت کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے،ہواوے کے آئی سی ٹی تربیتی پروگرام سے نہ صرف آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی، ہواوے کےساتھ ٹھوس و طویل مدتی شراکت چاہتے ہیں۔