ہائیکورٹ بنچ قائم مقام چیف جسٹس کی عدالت کے ماتحت نہیں، جسٹس اعجاز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا ہے ہائیکورٹ کا بنچ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت کے ماتحت نہیں۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق کی عدالت سے زیر سماعت کیس دوسرے بنچ منتقل کرنے پر توہین عدالت ازخود کیس میں ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل و دیگر کےخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا،تحریری حکم نامے کے مطابق ہائیکورٹ کا بنچ قائم مقام چیف جسٹس کی عدالت کے ماتحت عدالت نہیں، رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراض کےساتھ چیف جسٹس کے سامنے مقرر کی، لارجر بنچ بنانے کے آرڈر میں دکھائی نہیں دے رہا اعتراض دور کرنے کی وجوہات لکھی گئی ہوں، اعتراض دور کرنے کی وجوہات تحریر نہ کرنا بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے پریکٹس اینڈ پروسیجر کےخلاف ہے۔

فیصلے میں کہا گیاشفافیت کےلئے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق اعتراضات دور کرنے کی وجوہات تحریر کی جاتی ہیں، آفس کے اعتراضات کو زیر غور لاکر جج کو دور کرنے کی وجوہات تحریر کرنی چاہئیں، عدالت سے زیرسماعت کیس واپس لینے کی فی الحال کوئی قانونی نظیر پیش نہیں کی جاسکی،حکمنامے میں لکھا ہے ایڈووکیٹ جنرل نے لاہورہائیکورٹ رولزکی بنچز کی تشکیل سے متعلق شق بتائی لیکن وہ غیرمتعلقہ ہے، وکلاءعدالت کی معاونت کریں اور عوام بھی کیس پر نظر رکھیں۔