میٹروپولیٹن کارپوریشن، کرپشن کیسوں کی تحقیقات مکمل نہ ہوسکیں

لاہور (نوید چودھری) میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں تعینات چیف انجینئر کی مدت ملازمت ختم ہونے میں صرف چار روز باقی رہ گئے مگر انکے خلاف مالی بد عنوانی کے سنگین نوعیت پر مبنی زیر کارروائی کیسوں کی تحقیقات کا عمل تاحال مکمل نہ ہوسکا۔ اوپر سے محکمہ بلدیات نے گریڈ 19 کے میاں ثاقب محبوب کے ریٹائرمنٹ بینیفٹس کو اینٹی کرپشن کے کلیئرنس سرٹیفکیٹ سے مشروط کردیا ہے۔ معلوم ہو اہے کہ ایم او آئی کے خلاف 2محکمانہ کے علاوہ اینٹی کرپشن لاہور اور شیخوپورہ میں بھی 2 کیسوں کی تفتیش جاری ہے جس کے بعد اب اینٹی کرپشن کے مدعیوں کو راضی کرنے کےلئے بھاری رشوت کی آفرز کئے جانے کا انکشاف ہو اہے تاکہ کیسوں کاجلد فیصلہ اپنے حق میں کروانے کے بعد ریٹائرمنٹ بینیفٹس فوری حاصل کئے جاسکیں۔ ایک لمبے عرصے تک بلدیہ عظمیٰ لاہور کے پرکشش ترین عہدے پر تعینات رہنے والے میاں ثاقب محبوب کیخلاف زیر التواءانکوائریز میں بنیادی الزام یہی ہے کہ مذکورہ افسر نے دوران تعیناتی اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے سرکاری خزانے پر خوب ہاتھ صاف کئے۔ دوسری جانب میاں ثاقب محبوب کو مبینہ طور پر مالی فوائد پہنچانے کیلئے متنازعہ کوٹیشنز کے ذریعے بند دروازے کھولے گئے ہیں حالانکہ اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کے بعد کسی بھی قسم کی کوٹیشنز کا کوئی جواز ہی نہیں بنتامگر معلوم ہو ا ہے کہ اڑھائی کروڑ روپے سے زائد کی متنازعہ کوٹیشنز کے ذریعے مذکورہ افسر کو مالی فائدہ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔