ملکی سلامتی سے بڑا کوئی ایجنڈا نہیں ، دہشتگردی کےخلاف ایک پیج پر آنا ہوگا،گورنر پنجاب

لاہور:(سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے ملکی سلامتی سے بڑا کوئی ایجنڈا نہیں ،دہشتگردی کےخلاف سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔

وکلا برادری کے اعزاز میں دی گئی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر ملکی بہتری و استحکام کےلئے آگے بڑھنا ہے، گورنر ہاوس لاہور میں دی جانے والی افطار پارٹی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے،سرکاری ایک روپیہ بھی نہیں لگا،بلاول بھٹو بھی پنجاب کے عوام کے ساتھ جلد گورنر ہاوس میں افطاری پر موجود ہوں گے۔

گورنر پنجاب نے وکلا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ملک میں جمہوریت کے فروغ ،استحکام کےلئے وکلا برادری نے ہمیشہ بھر پور کردار ادا کیا ، وکلا برادری بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنوانے میں بھی ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی، پیپلز پارٹی عوامی جماعت اور عوام میں رہنا پسند کرتی ہے جب تک گورنر ہاوس میں موجود ہوں گورنر ہاوس کے دروازے لوگوں کیلئے کھلے ہیں۔

سردار سلیم حیدر نے کہاظلم پر تو معاشرہ قائم رہ سکتا ہے لیکن نا انصافی پر نہیں، عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے پیپلز پارٹی پر عزم ہے، افطار پارٹی میں صوبے بھر سے وکلا برادری نے بھرپور شرکت کی، گورنر پنجاب فرداً فرداً وکلا سے ملے ،سیلفیاں بنوائیں۔