پی ٹی آئی قومی سلامتی پر نہیں، فوج کی وردیاں اچھالنے کیلئے اکٹھی ہوجاتی ہے: مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قومی سلامتی پر نہیں، فوج کی وردیاں اچھانے کے لئے اکٹھی ہوجاتی ہے،پوری قوم اور سیاسی جماعتیں فوج کے پیچھے کھڑی ہیں سوائے پی ٹی آئی کے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس حکومتی کامیابیوں اور ریلیف سے متعلق نہیں بلکہ جعفر ایکسپریس کے افسوسناک سانحے سے متعلق ہے۔ دہشت گرد چاہتے تھے کہ مغویوں کو محبوس کرکے معاملے کو طول دیا جائے، مگر پاک فوج نے 36گھنٹوں میں تمام مغوی بازیاب کروائے اور دہشت گردوں قلع قمع کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی فوج یا کسی ایک ادارے کے خلاف نہیں،ملک کے خلاف ہوتی ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے قومی سلامتی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوئیں لیکن ایک جماعت نہیں تھی۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے، جب بھی قومی سلامتی کی بات ہوتی ہے تو بانی پی ٹی آئی شریک نہیں ہوتے، یہ قومی سلامتی کیلئے اکٹھے نہیں ہوتے، ان کا کام صرف شہدا کی یادگاروں کو جلانا، پاک فوج کی وردیاں ڈنڈوں پر اچھالنے کیلئے اکٹھا ہونا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ فوج کے خلاف بیانہ بنانے اور پراپیگنڈا کرنے کیلئے اکٹھے ہوتے ہیں۔ ایک چورکوجیل میں ڈالیں،190پاﺅنڈ کا سوال کریں تو اسے آزادی اظہار پر حملہ قرار دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے پاک صوبے کو خود ان لوگوں نے دوبارہ دہشت گردی کا گھر بنایا۔ جب جب ملک ترقی کرتا ہے دہشت گردی شروع ہوجاتی ہے۔ جب بھی کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہے فوج کے خلاف بیانیہ بنانا شروع کردیتے ہیں۔ گنڈا پور صاحب!12سال سے کے پی میں تحریک انصاف کی حکومت ہے، آپ استعفیٰ دیں اور کہیں کہ مجھ سے صوبہ نہیں چل سکتا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت پوری قوم اور سیاسی جماعتوں کو فوج کے پیچھے کھڑے ہونے کی ضرورت ہے اور کھڑی ہیں، سوائے پی ٹی آئی کے۔انہوں نے وضاحت کی کہ میاں نوازشریف اپنی طبیعت کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔ انہوں نے پیغام بھیجا تھا کہ وہ ملک کیلئے ہر جگہ اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔