افغانستان کودشمن نہ بنائیں،کیوں مسلمان بھائیوں سے لڑائی مول لے رہے ہیں،عمران خان
راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے ملکی سالمیت، آزادی، قانون کی حکمرانی اور ظلم کےخلاف کھڑا ہوں، منفی حربوں سے ٹوٹ جاوں گا توغلط فہمی ہے،افغانستان کودشمن بنانے کی کوشش نہ کریں، کیوں بلاوجہ مسلمان بھائیوں سے لڑائی مول لے رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل میں ہمشیرہ علیمہ خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاگراف نکال کر دیکھیں دہشتگردی 2021 تک کم ترین تھی ، 2022 میں پھر بڑھنا شروع ہوئی، افغانستان دشمن نہیں ، آپ دشمن بنانے کی کوشش نہ کریں، کیوں بلاوجہ مسلمان بھائیوں سے لڑائی مول لے رہے ہیں،کچھ بھی کرلیںاپنے اصول سے نہیں ہٹوں گا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکیسز التوا میں رکھے گئے،ملاقاتوں پر پابندی لگا رہے ہیں، پاکستان میں کوئی قانون کام نہیں کر رہا ، کس کی مرضی چل رہی سب کو پتہ ہے،پاکستان بدل چکا ،مضبوط کھڑے ہیں،کبھی نا امید نہیں ہوئے، پاکستانیوں کو ملکی سالمیت کی دعا کرنی چاہئے۔



















