لاہور:( اپنے رپورٹر سے )قائد ن لیگ نوازشریف ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا ،تاریخی ورثے کی بحالی اور محفوظ کرنے کےلئے لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوائیول ” لہر “ قائم کردی گئی، نواز شریف سٹیئرنگ کمیٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے،متعلقہ افسروں پر مشتمل” لہر“ کی ذیلی فنکشنل کمیٹی بھی قائم کر دی گئی، خصوصی اجلاس میں لاہور کے تاریخی مقامات سے تجاوزات کی نشاندہی اور ہٹانے پر اتفاق کیا گیا۔
نوازشریف نے تجاوزات کے متاثرین کوکاروبار کےلئے متبادل جگہ دینے ، معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کردی،لاہور کے ہیری ٹیج ایریاز کی بحالی کےلئے جامع پلان طلب کرلیا،ہیری ٹیج ایریاز کی بحالی کےلئے شہر 6زونز میں تقسیم کیا جائےگا،تمام زونز کے ہیری ٹیج ایریاز کی بحالی کےلئے بیک وقت کام شروع کرنے ،سرکلر روڈ، باغیچیاں اور بدرو کو اصل حالت میں بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے سرکلر روڈ و تاریخی دروازوں کے اطراف میں تجاوزات پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے بھاٹی گیٹ و دیگر دروازوں کا منظر نامہ واضح کرنے کےلئے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کردی،شاہی قلعہ،مقبرہ جہانگیر ونور جہاں، شالا مار باغ، کامران کی بارہ دری و دیگر مقامات کو بھی بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نوازشریف نے کہاپرانا لاہور بہت خوبصورت ، اصل حالت میں بحال کیا جانا ضروری ہے،تاریخی ورثے کی کھوئی میراث کوواپس لانے کا کام قومی فریضہ سمجھ کر سرانجام دیا جائے، شہروں کی اصل و قدیم صورتحال میں بگاڑ پیدا کرنا مناسب طرز عمل نہیں، یورپ نے اپنے شہروں کو صدیوں بعد بھی پرانی شکل میں بحال رکھا۔
قائد ن لیگ نے کہا یورپ میں صدیوں گزرنے کے باوجود پرانے محلات وعمارتیں اصل حالت میں موجود ہیں، قومی ورثے کو تباہ کرنا پسماندگی کے مترادف ہے، لاہور کی قدیمی ،تاریخی حیثیت اور حالت بحال کرنے سے پاکستان بھر کے لوگ محظوظ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہاقدیم لاہور کی بحالی پر کام کررہے، چند سال میں شہر کی اچھی شکل نظر آئے گی، جگہ جگہ تجاوزات سے شہروں کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دیں گے،تاریخی عمارت کی بحالی کافی نہیں بلکہ برقرار رکھنا بھی ضروری ہے، عوام میں شہریت کا شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے،لاہور کے تاریخی دروازوں کو قدیمی شکل میں بحال کیا جائےگا۔
تاریخی ورثے کی بحالی کیلئے اتھارٹی ” لہر “ قائم،نوازشریف پیٹرن انچیف مقرر



















