میٹروپولیٹن کارپوریشن شعبہ فائربریگیڈ کی گاڑی دوسری مرتبہ چوری

لاہور(نوید چودھری) ناقص حکمت عملی اور انتظامی معاملات پر گرفت کمزور پڑنے کی وجہ سے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے شعبہ فائر بریگیڈ کی گاڑی دوسری مرتبہ چوری ہونے کا واقعہ پیش آ گیا۔ٹاون ہال میں قائم فائر بریگیڈ یارڈ میں پارٹس کی حالت میں پڑا مزدا نمبر LHP-4043 مکمل طور پر غائب ہو چکا ہے، ابتدا میں گاڑی کے کچھ حصوں کے غائب ہونے کی اطلاع افسران کو دی گئی لیکن اس کے باوجود اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کچھ نہ کیا جاسکا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ گاڑی پہلی مرتبہ فائر سٹیشن کوئنز روڈ سے اپنی چالو حالت میں 2022ءمیں چوری ہوئی تھی۔ بعد ازاں تھانہ مزنگ میں اس کی ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی تھی تاہم کچھ عرصہ بعد مذکورہ مزدا گاڑی کباڑ خانے سے ملی جہاں گاڑی کو متعدد حصوں میں کاٹ کر فروخت کیا جانا تھا لیکن تھانہ مصطفی آباد دھرم پورہ نے کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا اور متعدد حصوں میں کٹی ہوئی گاڑی کو برآمد کرکے ایم سی ایل کے حوالے کردیا۔ چنانچہ ایم سی ایل نے مذکورہ گاڑی کو ورثہ کے طور پر ٹاو¿ن ہال میں رکھ دیا لیکن جب سے فائر بریگیڈ والے حصہ کو مسمار کرنے کی خبر پھیلی تب سے گاڑی کے تمام حصے اور پرزہ جات کا آہستہ آہستہ غائب ہونا معمول بن گیا ۔ اس خوفناک صورتحال سے متعلق افسران کو بروقت آگاہ کیا گیا مگر اس وقوعہ پر قابو پانے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدام نہ اٹھایا جاسکا۔ اب صورتحال یہ ہے کہ گاڑی کی پرچھائی تک غائب کر دی گئی ہے لیکن افسران ابھی بھی خاموشی سے بیٹھے تماشا دیکھ رہے ہیں۔