لاہور (سٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم وپاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ تنظیمی عہدے سے انصاف کرنے والے نظام کو عمل میں لانا ہو گا اورذاتی پسند نا پسند سے ہٹ کر تنظیمی عہدیداروں کی نامزدگی کرنا ہوں گی۔وہ گورنر ہاﺅس لاہور میں پیپلز پارٹی کی صوبائی ٹاسک کمیٹی برائے تنظیمی امور کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور ندیم افضل چن نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں حسن مرتضی،نیلم جبار،میاں مصباح الرحمن ،چودھری اسلم گل،اورنگزیب برکی،فیصل میر،نوید چودھری،عائشہ نواز چودھری،بشری منظور مانیکا،نسیم صابر،احسن رضوی،فرخ بصیر اور بشارت علی شریک تھے۔چیئر پرسن پٹکام حسن مرتضی نے اجلاس کے شرکا کو کمیٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی،اجلاس میں شرکا نے لاہور اربن ڈویژن کے نئے تنظیمی ڈھانچے پر اتفاق اور شیخو پورہ،ننکانہ،چنیوٹ اور ساہیوال کے لئے تنظیمی سفارشات کو حتمی شکل دی۔راجہ پرویز اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے عہدیداروں کا تقرر کرتے وقت مخلص،با وسیلہ اور سسٹم کو سمجھنے والے آگے لائیں، بار بار تنظیم سازی نہیں کی جا سکتی،اس بد مزگی سے بچنا ہو گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ شرکاءکی تجاویز قیادت کے نوٹس میں لائینگے۔ندیم افضل چن نے کہا کہ ڈسٹرکٹس میں نائب صدور اور سیکرٹری اطلاعات تعلیم یافتہ افراد کو رکھا جائے اورڈسٹرکٹس میں ا چھا کام کرنے والوں کو ڈویژنل باڈی میں نمائندگی دی جائے،میاں مصباح الرحمن نے کہا کہ سیاست کرنے کا پتہ آمرانہ دور حکومت میں چلتا ہے،ہمارے پاس بہت وقت ہے، ٹکٹ اسے دیں جو الیکشن لڑنا چاہتا ہے،چودھری اسلم گل نے کہا کہ بے وسیلہ ہونے کے باعث پارٹی کو اچھے امیدوار نہیں ملتے،نوید چودھری نے رائے دینکہ تنظیمی سٹرکچر قومی حلقوں کی بنیاد پر بنایا جائے,اورنگزیب برکی نے کہا کہ سوشل میڈیا کی بجائے گرانڈ پر کام۔کرنیوالوں کو عہدیدار بنایا جائے۔فیصل میر نے کہا کہ پی ایس ایف کی تنظیم کا نوٹیفکیشن فوری کیا جائے،جس پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پی ایس ایف کے دوسرے لڑکوں کو ساتھ ملا کر تنظیم بنائیں۔
تنظیمی عہدے سے انصاف کرنے والے نظام کو عمل میں لانا ہو گا:راجہ پرویز اشرف



















