پنجاب اسمبلی میں مسودہ قانون ترمیم نوٹریز 2025 کثرت رائے سے منظور

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) پنجاب اسمبلی میں حکومت نے مسودہ قانون ترمیم نوٹریز 2025کثرت رائے سے منظور کر لیا،اپوزیشن اراکین کی ترامیم کے معاملہ پر مجتبیٰ شجاع الرحمان غصہ میں آگئے،اپوزیشن کو جوکر قرار دیدیا، اپوزیشن ارکان اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوگئے اور وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن کے جواب پر اعتراض کردیا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا اپوزیشن ترامیم میں کوئی کام کی بات نہیں ہوتی، اپوزیشن پوری تیاری کےساتھ ایوان میں آتی ہے،ڈپٹی سپیکر نے کہا مجتبیٰ شجاع الرحمن صاحب آپ ایسی بات نہ کریں،مجتبیٰ شجاع نے جواب میں کہا میں اپوزیشن کا پابند نہیں ہوں یہ سمجھتے ہیں ہر چیز بلڈوز کرکے کام کرلیں گے تو یہ کوئی طریقہ نہیں ہے،ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کہا آپ حکومت ہیں آپ کو دل بڑا کرنا ہوگا، اگر حکومت کی جانب سے دل آزاری ہوئی تو معافی مانگتا ہوں اور وزیر پارلیمانی امور کے الفاظ حذف کردیئے،جب انسان طاقت میں ہوتا ہے تو زعم آہی جاتا ہے مجتبیٰ شجاع الرحمن کو الفاظ واپس لینے چاہیے تھے۔