”سکلز آن ویل“ پراجیکٹ متعارف،ڈبل ڈیکر بسوں کے کرائے میں اضافہ واپس
لاہور: (اپنے رپورٹر سے)پنجاب سے ہنر مند افرادی قوت بیرون ملک بھیجنے کا پلان،وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیور شپ ڈیپارٹمنٹ کا پہلا اجلاس ہوا،مریم نوازنے ایک لاکھ ہنر مند نوجوانوں کی ٹریننگ ، جاب پلیس منٹ کا ٹارگٹ دیتے ہوئے ہنر مند افرادی قوت بیرون ملک بھیجنے کےلئے جامع پلان طلب کر لیااور ہنر مند نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر کاروبار کارڈ اور کاروبارفنانس لون دینے کی ہدایت کردی،اجلاس میں نجی اشتراک سے دوردراز علاقوں کے نوجوانوں کےلئے سکلز آن ویل پراجیکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پلگ اینڈ پلے کال سنٹرز و دیگر پروگرام کی منظوری دےدی، آئی بی ای ایکس کے اشتراک سے پہلے فیز میں 5 ہزار نوجوانوں کو کال سنٹر ٹریننگ دی جائے گی، 6 ہفتے کی کال سنٹر ٹریننگ کے بعد نوجوان کم از کم ایک لاکھ روپے ماہانہ کی جاب حاصل کر سکیں گے،اجلاس میں ہنر مند کارڈ کے اجرا کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، گارمنٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ قائد اعظم بزنس پارک میں 480خواتین کی ٹریننگ کرائی جائے گی، گارمنٹ ٹریننگ حاصل کرنے والی خواتین کو پک اینڈ ڈراپ اور ماہانہ 20ہزار روپے مل رہے ہیں، بڑے ٹیکسٹائل گروپس میں ٹریننگ حاصل کرنے والی طالبات کی جاب پلیس منٹ کی جائےگی۔
سکل ڈویلپمنٹ پروگرام”پہچان“کے تحت 1600ٹرانس جینڈر کی ٹریننگ مکمل کرلی گئی، ٹیکسٹائل، میک اپ ،بیک سٹیج پروڈکشن ٹریننگ حاصل کرنے پر 8ہزار روپے ماہانہ مل رہاہے،اجلاس میں ہاسپٹلٹی سیکٹر ٹریننگ کےلئے”مراکی“ پراجیکٹ متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، برطانوی ادارے سی ٹی ایچ کے اشتراک سے 6 ماہ کی فری ہاسپٹلٹی ٹریننگ کرائی جائے گی، بڑے ہوٹلز میں ہاسپٹلٹی ٹریننگ حاصل کرنے والے نوجوانوں کی جاب پلیس منٹ کا اہتمام بھی کیا جائےگا۔
مریم نوازنے کہا نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں شامل کرنے کےلئے ٹریننگ ،جاب مارکیٹ مہیا کریں گے، ہنر مند نوجوانوں کا ہاتھ تھام کر ہی خوشحالی کے راستے پر چلنا ممکن ہوگا، ہنر مند نوجوان پاکستان کا آج اور کل ہیں،حکومت نوجوانوں کی ٹریننگ اور جاب پلیس منٹ کےلئے اینڈ ٹو اینڈسپورٹ کرے گی۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے حکم پر ڈبل ڈیکر بسوں کے کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا،مریم نوازنے لاہور کی سیاحت کیلئے 3روٹ پر چلنے والی بسوں کے کرائے میں اضافے پر اظہار ناپسندیدگی کرتے ہوئے متعلقہ ٹی ڈی سی پی حکام کو کرایوں میں اضافہ واپس لینے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ٹی ڈی سی پی ڈبل ڈیکر بس کے پرانے کرائے بحال کردئیے گئے ،مریم نواز نے کہاڈبل ڈیکر بس سروس عوام کی سیر و تفریح کیلئے شرو ع کی گئی ،کرایوں میں اضافے سے عوام پر بوجھ پڑے گا،عوام کو سیر و سیاحت کی بہترین سہولتیں کم از کم چارجز پر مہیا کررہے ہیں اورکرتے رہیں گے۔



















