پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 ، ضلع کونسل ختم، ضلعی اتھارٹی بنانے کی تجویز

لاہور (خبرنگار) پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025ءمیں ضلع کونسل کو ختم کرکے ضلعی اتھارٹی بنائے جانے کی تجویز سامنے آگئی جس کا چیئرمین متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر ہوگا۔ تمام محکمہ جات کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو بورڈ کے سیکرٹری ہونگے اور تمام محکموں کے سربراہان ممبران ہونگے جن میں ضلعی محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، پاپولیشن کنٹرول، سپورٹس، ٹرانسپورٹ، سول ڈیفنس، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آرٹس اینڈ کلچر اور ٹورازم شامل ہیں، جن کو ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا درجہ حاصل ہوگا۔ مقامی حکومت کی اکائی یونین کونسل ہوگی، تمام ضلع کو لوکل گورنمنٹ یونٹس میں تقسیم کیا جائیگا،یونین کونسلوں کی تعداد و تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا،یونین کونسل کے 9 جنرل کونسلر ہونگے جبکہ ایک خاتون کونسلر، ایک اقلیتی کونسلر، ایک یوتھ کونسلر اور ایک کسان یالیبر کی مخصوص نشستیں ہونگی، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا چناو ہاوس کے منتخب ممبران کریں گے جس کے بعد تحصیل کونسل ہوگی،جس کا چیئرمین اور دو وائس چیئرمین ہونگے۔ مخصوص نشستوں کے علاوہ تمام یونین کونسلوں کے چیئرمین ممبر ہونگے، شہری علاقوں میں ٹاون کارپوریشن ہوگی جس کا ایک میئر اور دو ڈپٹی میئر ہونگے، مخصوص نشستوں کے علاوہ تمام یونین کونسلوں کے چیئرمین ممبر ہونگے، ضلع مری کو چھوڑ کر تمام شہروں میں میونسپل کارپوریشن ہوگی۔ میونسپل کمیٹی میں چیئرمین اور وائس چیئرمین ہوگا۔ ممبران میں مخصوص نشستوں والے بھی شامل ہونگے،ٹاون کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی اور تحصیل کونسل کے دائرہ اختیار میں واٹر سپلائی، سیوریج، نالے، ویسٹ اینڈ سینی ٹیشن، سڑکیں و گلیاں، پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم،فائر بریگیڈ،سٹریٹ لائٹس، پارک، قبرستان، پارکنگ و کھیل کے میدان، سلاٹر ہاوس، میونسپل لائبریری، ٹرانسپورٹ اڈے،کمیونٹی اینڈ کلچرل و دیگر امور شامل ہونگے، لوکل گورنمنٹ کا سربراہ اکنامک ڈیویلپمنٹ سٹرٹیجی جاری کیا کریگا۔ یونین کونسلوں کو اپنے اپنے علاقوں میں ثالثی کونسل کے بھی اختیارات ہونگے، جرمانوں کی بھی نئی شرح مقرر کی گئی ہیں،43 مختلف امور پر جرمانے کے ٹکٹ جاری ہوا کرینگے جن میں بغیر اجازت کھدائی پر 2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، ممنوع قرار دی گئی جگہوں ہسپتال اور سکولوں کے قریب ڈھول بجانے،میوزک یا دیگر ذرائع سے شور کرنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا،غیر منظور شدہ جگہوں کو اشتہاری مہم کیلئے استعمال کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا،مقامی حکومت کی اجازت کے بغیر گٹر یا پانی کے تالاب یا کسی اور ناگوار مواد کے بہنے یا نکالنے یا کسی گلی میں بہانا یا عوامی جگہ، کسی گٹر یا نالے میں ڈالنے پر صنعتی صارف کو 10 ہزار روپے، کمرشل صارف کو 5 ہزار روپے اور ڈومیسٹک صارف کو 2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، بغیر اجازت ریڑھی لگانے پر 500 روپے جرمانہ ہوگا، 29 امور کی خلاف ورزی پر عدالتی کارروائی ہوگی،جن میں درخت کاٹنا، بغیر اجازت منڈی مویشیاں لگانا اور ٹرانسپورٹ اڈہ قائم کرنا بھی شامل ہیں۔