لاہور،اسلام آباد: (کورٹ رپورٹر) سابق وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں درخواست ضمانتوں کی جلد سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
بانی پی ٹی آئی نے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے جناح ہاوس حملہ کیس اور دیگر مقدمات میں متفرق درخواستیں دائر کیں،بانی پی ٹی آئی کی جانب سے استدعا کی گئی درخواست ضمانتوں کو فوری طور پر سماعت کیلئے مقرر ہونا چاہیے، متفقہ قانون ہے نہ صرف انصاف ہونا چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے، عدالت 9 مئی کے8 مقدمات میں درخواست ضمانتوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرے۔
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل حکام کوبانی پی ٹی آئی سے وکالت نامے دستخط کراکر عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی،اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس انعام امین منہاس نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے اور وکالت ناموں کے معاملہ پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی ، درخواست گزار وکیل شعیب شاہین ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوئے، عدالتی طلبی پر نمائندہ اڈیالہ جیل بھی عدالت پیش ہوئے،بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے اور وکالت ناموں کے معاملہ پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔
،علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے حقیقی آزادی مارچ کیسز میں پی ٹی آئی کے رہنماو¿ں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے،سینئر سول جج عباس شاہ نے پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ پر درج 2 کیسز کی سماعت کی، عدالت نے عدم پیشی پر علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز و دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے،ملزمان کی بریت کی درخواست پر دلائل نہ ہو سکے، جج عباس شاہ نے کہا ملزموں کی موجودگی میں بریت کی درخواستیں سنوں گا۔
دریں اثناعدالت عظمیٰ نے 9 مئی مقدمات میں ملوث ملزمان کی ضمانت منسوخی کیس میں درخواست گزار کے وکیل کو تیاری کیلئے مہلت دےدی،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے 9 مئی واقعات میں ملوث ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے اپیلوں پر مختصر سماعت کی، بنچ میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب بھی شامل ہیں،پنجاب پراسیکیوشن کی طرف سے ایڈووکیٹ ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے،سپریم کورٹ نے تیاری کیلئے وکیل درخواست گزار کو وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔
عمران خان کا ضمانتوں کی جلد سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع



















