ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن میں زیر التواءنقشہ جات کی منظوری کے منتظر80کیسوں کی تفصیلات طلب کرلیں، فائلوں کو زیر التواءرکھنے کی وجوہات بھی بیان کی جائیں، کمشنر کی ہدایت۔ بلڈنگ پلانز کی جلد منظوری سے نہ صرف کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو بھی غیرقانونی تعمیرات کرنے کی پریشانی سے نجات ملے گی، کمشنر شعیب اقبال سید۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار احمد، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل رائے فیصل عمران، سٹی منیجر پسپ اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے8ماہ میں کنورژن فیس اور بلڈنگ فیس کی مدمیں 19کروڑ61لاکھ20ہزار روپے جمع ہوئے ہیں جن میں کنورژن فیس کی مد میں 18کروڑ63لاکھ50ہزار اور بلڈنگ فیس کی مد میں 96لاکھ70ہزار روپے شامل ہیں۔ چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے اجلاس کو بتایا کہ پاکپتن بازار اور صدر بازار کو ماڈل بازار بنانے پر کام جاری ہے اور ان دونوں بازاروں میں بجلی کے پولز کی شفٹنگ اور تاروں کو انڈرگراونڈ کرنے کیلئے میپکوکو94لاکھ روپے کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو جلد مکمل کرنے اور ساتھ ساتھ ملبہ اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
بلڈنگ پلانز کی جلد منظوری سے کارپوریشن آمدنی میں اضافہ ہوگ: کمشنر ساہیوال



















