ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے دینی طبقات کو کلیدی کردار ادا کرنا ہے: وزیر اوقاف

گجرات (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع نے فیضان مدینہ گجرات کادورہ کیا۔مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور تدریسی عمل کاجائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے ادارے کے منتظمین اور علماءکرام سے ملاقاتیں کیں۔علما کرام نے چوہدری شافع حسین کو اوقاف کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکبادی۔صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین نے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت علماءکرام کی تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ علماکرام کی تجاویز کی روشنی میں محکمہ اوقاف کے امور میں بہتری لائی جائیگی اور علماءکرام کی مشاورت سے دینی علوم کی ترویج کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام امن،رواداری،محبت اور انسان دوستی کا مذہب ہے۔ملک کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے صوفیاءکرام کی تعلیمات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ملک کوامن کا گہوارہ بنانے کیلئے دینی طبقات کو موثر کردار ادا کرنا ہے۔محراب و منبر استحکام پاکستان کا ضامن ہے، علماءکرام اور دینی قوتوں کو قومی یکجہتی اور اتحاد کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔فیضان مدینہ کے منتظمین نے صوبائی وزیر کو ادارے میں جاری دینی تعلیمات کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔