حکومت پٹرول فوری 50روپے لٹر سستا کرے:نعیم الرحمن

لاہور(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے حکومت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے پیش نظر پٹرول کی قیمت میں فوری 50 روپے لٹر کمی کا فوری اعلان کیا جائے، 50 دنوں کے دوران خام تیل کی قیمت میں 12 ڈالر فی بیرل سے زائد کمی ہوئی ،حکومت نے پہلے ہی عوام پر پٹرولیم لیوی کی مد میں ناجائز بوجھ ڈال رکھا ہے، فی الفور ختم ہونا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں ایک ڈالر اضافے پر قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں لیکن کمی کا فائدہ عوام کو نہیں دیا جاتا،مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ، وزیراعظم کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے قوم کے ساتھ مذاق ہیں، اشیائے ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔