لاہور (سٹاف رپورٹر) صحافیوں ، ایڈیٹرز اور ادیبوں کے پلیٹ فارم ”پہچان“ کے زیراہتمام لاہور کے مقامی ہوٹل میں سالانہ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔افطار ڈنر میں معروف شاعر عباس تابش ، شکیل جاذب اور قمر ریاض نے اپنا کلام سنا کر حاضرین کے دل جیت لئے۔ افطار ڈنر کے موقع پر معروف صحافی اور ایڈیٹر اشرف سہیل اور معروف اینکر فرخ شہباز وڑائچ کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔افطار ڈنر کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ”پہچان“ نے لاہور کی صحافی برادری کو ایک دوسرے کی پہچان کروا دی ہے۔ عرصہ دراز سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایسی محافل کا انعقاد نہیں ہورہا تھا۔ ”پہچان“ پلیٹ فارم اس حوالے سے مبارکباد کا مستحق ہے کہ اس نے قدیم روائت کو پھر سے زندہ کر دیا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کو ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونا چاہئے ، ہم دنیا بھر کی خبر رکھتے ہیں مگر بدقسمتی سے اپنی برادری یعنی صحافی برادری کے مسائل سے بے خبر رہتے ہیں۔ ”پہچان“پلیٹ فارم مبارکباد کی مستحق ہے کہ اس نے صحافیوں اور قلمکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے کا موقع دیا ہے۔شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پنجابی میڈیا گروپ مدثر اقبال بٹ نے کہا میں جب بھی ”پہچان“ کی دعوت میں شریک ہوتا ہوں مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔ میں ہمیشہ صحافی برادری کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کے کھڑا ہوں۔ پنجاب ہاو¿س اور میری تمام صلاحیتیں صحافی برادری ، ادیبوں ، شاعروں اور قلمکاروں کیلئے حاضر ہیں۔ ٹی وی ٹو ڈے کے چیئرمین میاں ظہور احمد وٹو نے “پہچان” کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا قلمکار اور ادیب معاشرے کا آئنہ ہوتے ہیں۔ہم صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ معروف شاعر عباس تابش نے کہا مجھے بہت خوشی ہوتی جب اہل قلم ایک چھت تلے جمع ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا قلمکار حساس طبعیت کے حامل ہوتے ہیں لہٰذا وہ سماج میں ہونے والی ناانصافی اور ظلم کو بہت قریب سے محسوس کرتے اور اس کا ابلاغ کرتے ہیں۔ ”تاشقند اردو“ کے چیئرمین ذبیح اللہ بلگن نے کہا “پہچان” صحافیوں ، ادیبوں اور قلمکاروں کا گھر ہے ، اس کے دروازے ہر آنے والے کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ہم صحافی برادری اور اہل قلم کو یہ احساس دلانا چاہتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں بلکہ وہ ایک خاندان کی مانند ہیں اور “پہچان” ان کا گھر ہے۔ روزنامہ جناح کے ایڈیٹر امجد اقبال نے کہا اس وقت صحافت اور صحافی دونوں مظلوم ہیں انہوں نے کہا ذرائع ابلاغ کی جدت نے پرنٹ میڈیا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے لہذا ہمیں کانٹنیٹ کی طاقت سے ماڈرن ذرائع ابلاغ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ لاہور پریس کلب کے سابق سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے کہا صحافیوں کے ساتھ ہمیشہ ناانصافی ہوتی ہے ، ہم سب کو یک جان ہوکر اس ناانصافی کے ساتھ کھڑے ہونا ہوگا۔ روزنامہ سرزمین کے چیف ایڈیٹر صفدر علی خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اہلیان صحافت ہمیشہ مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں میڈیا ہاﺅس کو مالی مشکلات کا سامنا ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ ریاست کے تیسرے ستون کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ روزنامہ جرا¿ت کے چیف ایڈیٹر عرفان اطہر نے کہا صحافیوں اور قلمکاروں کی محفلوں میں جانا اچھا لگتا ہے۔ اس سے ایک دوسرے کے حال سے واقفیت رہتی ہے۔ انہوں نے کہا پرنٹ میڈیا اس وقت مشکلات کا شکار ہے ہمیں مل کر جامع لائحہ عمل بنانا ہوگا۔ روزنامہ مشرق کے ایڈیٹر اشرف سہیل نے کہا کہ اہل قلم کو ہر دور میں مصائب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے ہمیں اسے دیانتداری سے سرانجام دینا چاہئے۔ اردو پوائنٹ کے ملٹی میڈیا ہیڈ شاہد نذیر چودھری نے کہا کہ اس وقت میڈیا کے حالات ماضی کی نسبت زیادہ خراب ہیں۔ ہمیں صحافت کے جدید تقاضوں کو سمجھتے ہوئے صحافیوں کو اس بحران سے نکالنا ہوگا۔ افطار ڈنر میں خالد ارشاد صوفی،عامر ہاشم خاکوانی، فرخ شہباز وڑائچ،قیصر شریف، رانا تنویر قاسم ، عدنان ملک، احسان شوکت ،ضیاءالحق نقشبندی ،ر±خشان میر، نورالھدیٰ،خالد منہاس ، شہزادہ ذولقرنین ،حافظ حسان احمد ، ندیم رضا اور بلال مدثر بٹ شریک تھے۔
پہچان کے زیراہتمام سالانہ افطار ڈنر، صحافی برادری کو ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونا چاہئے: مقررین



















