ریاست کےلئے سیاست قربان کردی، ملکی مفاد میں فیصلے کئے گئے: عطا تارڑ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے ہم نے ریاست کےلئے اپنی سیاست قربان کر دی، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی مفاد میں فیصلے کئے گئے، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےعطاءتارڑ نے کہا 4 مارچ 2025 کون لیگ کی مخلوط حکومت کا ایک سال مکمل ہو جائےگا، شہباز شریف نے 4 مارچ 2024کو عہدے کا حلف اٹھایا تھا، ملک کی سمت کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں چل رہی تھیں، بہت سے لوگوں نے شرطیں لگا رکھی تھیں معیشت نہیں سنبھلے گی، ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے، ایک سیاسی جماعت نے پاکستان کےخلاف آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، کچھ چیزیں سیاست سے بالاتر ہوتی ہیں، ہم نے ریاست کےلئے اپنی سیاست قربان کر دی، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی مفاد میں فیصلے کئے گئے، آج مہنگائی 1.5 فیصد کی کم ترین سطح پر آ چکی ہے، 9 سال 5 ماہ پہلے ستمبر 2015 میں مہنگائی 1.3 فیصد تھی، ساڑھے 9 سال کے بعد آج مہنگائی کی کم ترین سطح ہے، شرح سود میں کمی ہوئی، سٹاک ایکسچینج میں بہتری آ رہی ہے،وزیر اطلاعات نے کہا خارجہ محاذ پر پی ٹی آئی دور حکومت میں پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا، وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے موقع پر پاکستان کا پرچم ہر شاہراہ پر دیکھا گیا، عالمی سطح پر پاکستان کےلئے اچھے جذبات اور تاثرات کا اظہار کیا جا رہا ہے، پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ ہو رہے ہیں، پاکستان میں ایک بار پھر کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں، سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے، آج ہر ملک پاکستان کی تعریف کر رہا ہے، مختلف ممالک کے سربراہان پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، تمام معاشی اشاریئے مثبت ہیں، کھوکھلے نعرے لگانے والے لوگوں نے نہ لیپ ٹاپ دیئے، نہ ہسپتال بنائے، نہ صحت، نہ تعلیم کا کوئی نظام بنایا، انہوں نے بسیں بھی چلائیں تو الٹی چلا دیں،وفاقی وزیر نے کہا کھوکھلے نعرے، جھوٹ بہتان اور آپس کی لڑائیاں کوئی نہیں چاہتا۔