دہشت گردی استحکام پاکستان کیخلاف گھناونی سازش ہے: علامہ زبیر احمد ظہیر

لاہور (اپنے نمائندے سے) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی استحکام پاکستان کے خلاف گھناونی اور خطرناک سازش ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور سکیورٹی ادارے عوام کی جان و مال، عزت و آبرو اور سفر و حضر کو محفوظ بنانے کیلئے سخت ترین عملی اقدامات کریں۔ ملکی سلامتی اورامن و امان کو ہر صورت یقینی بنانے بغیر ملکی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔ وہ آج اپنے مرکزی دفتر جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں مولانا حامد الحق شہید کیلئے ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے علاوہ علامہ پروفیسر فیاض احمد سلفی ، مولانا حافظ صہیب احمد ، میاں عاصم اور مدثر اعوان نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں مقررین نے آئے دن دہشت گردی کے مسلسل واقعات پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جتنے بھی دہشت گرد پکڑے ہیں ان کو سر عام سزائے موت دی جائے، اسکے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ ناممکن ہے۔ حکمران اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ورنہ تاریخ ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اس موقع پر مولانا حامد الحق، ان کے رفاقہ اور مولانا سمیع الحق کے لئے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔