لاہور (سٹاف رپورٹر) پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن پاکستان اورپاک میڈیا فاﺅنڈیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام گذشتہ روزپاک ٹی ہاﺅس مال روڈ لاہورمیں سینئر صحافی رہنما ناصر زیدی کے ساتھ ایک شام منائی گئی جبکہ ”پرنٹ میڈیا کا مستقبل ،تحفظات اور خدشات “ کے موضوع پر سیمینار کا بھی اہتمام کیاگیا۔ ناصرزیدی نے سیمینار کی صدارت کی ،مہمانان خصوصی میں سینئر صحافی حسین نقی ، سید سجاد بخاری ، اشرف سہیل اورتمثیلہ چشتی شامل تھیں۔ پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جاوید آفتاب نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے۔ صاحب صدارت ناصر زیدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ پرنٹ میڈیا بحران کاشکارہے اوراسکے ذمہ داران میڈیامالکان ہیں۔ پیکا جیسے قانون آزادی صحافت اوراظہار رائے کی آزادی کے بنیاد ی حقوق سلب کرتا ہے جو حقوق آئین پاکستان تمام شہریوں کو دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں قلم کی آزادی کو ہرصورت مقدم رکھنا چاہیے۔ ناصر زیدی نے اپنی پچاس سالہ صحافتی زندگی کے مختلف ادوار سے متعلق تفصیل کے ساتھ اظہار خیال کیا۔انہوں نے اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن اورپاک میڈیا فاﺅنڈیشن کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک کارکن ہوں اورہمیشہ اسی طرح جدوجہد کی۔ مہمانان خصوصی حسین نقی نے کہا کہ ناصر زیدی ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے صحافت کی آزادی کیلئے کوڑے کھائے مگراب عملی صحافت کاعالم ہم سب کے سامنے ہے۔ناصرزیدی ورکرزکی آواز اٹھانے کی پاداش میں پابند سلاسل رہے۔مگر آج ہمیں ایسے لوگ نظر نہیں آتے۔ سید سجاد بخاری ،اشرف سہیل ،تمثیلہ چشتی نے پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل کے حوالے سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی صحافیوں اورمیڈیا ورکرز کا پہلا حق ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ پرنٹ میڈیا کے حالات کی بہتری ناممکن نہیں ،البتہ ڈیجیٹل میڈیا کی حقیقت سے بھی انکارممکن نہیں ،اس حوالے سے توجہ دینے کی زیادہ ضرورت ہے۔سینئر صحافی سعید اختر ،قمرالزمان بھٹی ،جوائنٹ سیکرٹری لاہورپریس کلب عمران شیخ ،خواجہ آفتاب حسن ، محسن علی نے پرنٹ میڈیا کو درپیش صورت حالات پرکہا کہ مشکل ضرور ہے تاہم راستے بالکل بند نہیں ہوئے۔پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مبینہ عصیم نے صاحب صدارت ناصر زیدی کو گلدستہ پیش کیا۔مرکزی صدر کامریڈ تنویر نے مہمانوں کو شکریہ ادا کیا اورمہمانا ن خصوصی میں تنظیم کامنشور تقسیم کیا۔ تقریب میں ہیومن رائٹس کمیشن کے وائس چیئرمین راجہ اشرف ، مشتاق سرور،ضماد گریوال ، خاورشاہ ، منہاس جسٹن ،ماہ رخ خواجہ ،صداقت مغل ،زبیرمحفوظ سمیت دیگرنے بھرپور شرکت کی۔
پیکا جیسے قانون اظہار رائے کی آزادی کے بنیاد ی حقوق سلب کرتے ہیں: مقررین



















