کوئی بھی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کےلئے تیار نہیں،الیکشن کمیشن

لاہور:(اپنے نمائندے سے)الیکشن کمیشن نے کہا ہے بدقسمتی سے کوئی بھی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کےلئے تیار نہیں۔

الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں پنجاب بلدیاتی انتخابات کیس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں فل بنچ نے سماعت کی،اعلامیے کے مطابق چیف سیکرٹری اورسیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا آئین کے تحت الیکشن کمیشن وفاق ، صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے، بدقسمتی سے کوئی بھی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کےلئے تیار نہیں ہوتی،اپنی تیاریاں مکمل کر لیتے ہیں تو صوبائی حکومتیں قوانین میں ترامیم کردیتی ہیں،ترامیم کی وجہ سے انتخابات کا عمل دوبارہ شروع کرنا پڑتا ہے۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا 3صوبوں اورکنٹونمنٹس میں جدوجہد کے بعد کمیشن بلدیاتی انتخابا ت کرانے میںکامیاب رہا، بروقت بلدیاتی انتخابات کرناصوبوں کی ذمہ داری ہے،مختلف اوقات میں صوبائی حکومتوں نے 5 مرتبہ انتخابی قوانین تبدیل کئے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کےلئے 3مرتبہ حلقہ بندیاں کیں، شیڈول دینے کے باوجود صوبوں میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا۔

چیف سیکرٹر ی پنجاب نے کہاموجودہ حکومت نے حکومت سنبھالتے ہی لوکل باڈیز ایکٹ پر کام شروع کیا، تمام سٹیک ہولڈرز کا فیڈ بیک ضروری ہوتا ہے،لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا حتمی مسودہ پنجاب اسمبلی میں ضروری قانون سازی کےلئے بھجوا دیا ،قانون سازی کا عمل مکمل ہوتے ہی رولز بھی بنا دیئے جائیں گے،صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کےلئے ہر قسم کی معاونت کےلئے تیار ہے،الیکشن کمیشن نے ہدایت کی پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کی قانون سازی کا عمل فوری مکمل کرے تاکہ الیکشن کمیشن قانون کے تحت پنجاب میں فوری حلقہ بندی کا عمل شروع کرے اور پنجاب میں فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کویقینی بنایاجاسکے۔