ادارے ملیامیٹ، پالیسیاں ایوانوں نہیں بند کمروں میں بنائی جا رہی ہیں: فضل الرحمن

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمن نے کہا ہے ملکی سالمیت کے حوالے سے پالیسیاں ایوانوں میں نہیں بند کمروں میں بنائی جا رہی ہیں،ملک میں کوئی سویلین اتھارٹی موجود نہیں، اسٹیبلشمنٹ فیصلے کرتی ،حکومت تسلیم کرے صوبوں میں رٹ نہیں ،قومی اسمبلی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا مسئلہ صرف ایوان میں نہیں ہے، پورا ملک اپریشانی اور اضطراب میں مبتلا ہے، عام آدمی کے پاس روزگار ہے اور نہ ہی جان و مال کا تحفظ، ادارے ملیا میٹ کیے جا رہے ہیں، لاکھوں افراد بے روزگار ہوتے جا رہے ہیں، فکر کس کو کرنا ہے، ظاہر ہے پارلیمنٹ کو سوچنا ہو گا، اگر حکومت کوئی غلط فیصلہ کرتی ہے، عوام کے مفاد کےخلاف فیصلہ کرتی ہے، ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، تو ایک پارلیمانی فورم ہے جہاں بحث کی جاتی ہے، پارلیمان میں بحث کی جاتی ہے حکومت کا اقدام درست ہے یا غلط اور اگر اپوزیشن صحیح تجویز دیتی ہے تو حکومت اسے فراغ دلی سے تسلیم کرتی ہے، ایک سال سے دیکھ رہا ہوں حکومت کی جانب سے ضد اور ہٹ دھرمی کی جارہی ہے،جے یوآئی (ف) کے سربراہ نے کہا صوبوں کی اسمبلیاں بھی عوام کی نمائندہ اسمبلیا ں نہیں ہیں، جب عوام باہر نکلتے ہیں تو کوئی منتخب نمائندہ بشمول وزیراعلیٰ عوام کا سامنا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے،خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صورتحال کسی سے پوشیدہ نہیں، ہم مسلح گروہوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، جناب سپیکر، ایوان بیٹھا ہوا ہے، ہم سب پاکستانی ہیں، ہمارا امن ایک ہے، ہماری معیشت ایک ہے، ہماری عزت و آبرو ایک ہے، ہمارے مشتراکات اور قدرے ہیں۔