راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور،پشاور: (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید 8 گواہوں کے بیانات قلمبند ،جلاﺅ گھیراﺅ مقدمات میںسلمان اکرم راجہ سمیت 7 ملزم قصور وار ،عامر مغل اشتہاری ، فرخ حبیب ،حماد اظہر کیخلاف کارروائی شروع،شہریار آفریدی کی ضمانتوں میں توسیع،علیمہ،عظمیٰ خان کی حاضری سے استثنیٰ درخواست منظور،اعظم سواتی کا نام ای سی ایل،پی سی ایل اور پی این آئی لسٹ سے نکالنے کا حکم دےدیا گیا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جی ایچ کیو حملہ کیس پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ،دوران سماعت مقدمے میں نامزد مفرور ملزموں مراد سعید ، حماد اظہر ، زلفی بخاری کے وارنٹ ،چھاپوں ،اشتہار کی شہادت ریکارڈ کرا ئی گئی ،شہادت سب انسپکٹر عقیل احمد نے ریکارڈ کرائی ،ثبوت بھی عدالت میں پیش کر دیئے گئے،پراسیکیوشن نے مزید 8 گواہوں کے بیان قلمبند کرائے۔
گواہوں میں عقیل احمد اے ایس آئی ، سب انسپکٹرز بابر سجاد ، رجب علی ، احمد نواز، اے ایس آئی عدنان احسن ، شمریز محبوب، کانسٹیبل طالب اور لیڈی کانسٹیبل ثمرہ اشفاق شامل ہیں،استغاثہ کی جانب سے موبائل فونز، ڈنڈے و دیگر سامان بھی عدالت میں پیش کیا گیا ، بعدازاں سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔
ادھر انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں 5 اکتوبر کو جلاو گھیراو ،تشدد کے 3مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ، ضمیر جھنڈو اور علی امتیاز وڑائچ سمیت دیگر ملزموں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی،پولیس نے سلمان اکرم راجہ سمیت 7 ملزموں کو قصوروار قرار دےدیا، عدالت نے اسلام پورہ کے مقدمے میں آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے،لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ مستی گیٹ اور لاری اڈا کے مقدمات میں تفتیش رپورٹ طلب کر تے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 12 اپریل تک توسیع کر دی۔
مزید برآںانسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد نے جلاو گھیراو کیس میں پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے صدر عامر مغل کو اشتہاری قرار دےدیا،جج طاہر عباس سپرا نے کہا عامر مغل متعدد بار طلب کرنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے، عدالت نے دستیاب ملزموں کی حاضری کے بعد سماعت ملتوی کردی۔
علاوہ ازیں عدالت نے سابق وزیر فرخ حبیب اور حماد اظہر کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا،جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دئیے بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں،مقدمے کے جیل ٹرائل کیلئے خط لکھوں گا،بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے دونوں کیسز کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔
مزید برآںانسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کی تمام مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی،عدالت نے کہاتمام ضمانتوں کو دیگر ملزموںکی درخواستوں کےساتھ اکٹھا سنا جائے گا۔
دریں اثنا پشاور ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کا نام ای سی ایل پی سی ایل اور پی این آئی لسٹ سے نکالنے کا حکم دیدیا،فیصلے کے مطابق درخواست گزارکوصرف مقدمات میں نامزدہونے پردیگربنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا،،اعظم سواتی کا نام تمام لسٹوں سے نکال کر بیرون ملک سفر کرنے دیا جائے۔
دوسری جانب عدالت نے دہشتگردی مقدمات میں علیمہ ، عظمیٰ خان کی حاضری سے استثنیٰ درخواست منظور کرلی اوردونوں کی ضمانتوں میں 12 اپریل تک توسیع کردی۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید 8 گواہوں کے بیانات قلمبند



















