2صوبے کٹ ، رٹ نہیں سیاسی دھندوں میں الجھے ہیں، فضل الرحمن

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن نے کہا ہے پیکا ایکٹ پھیکا ایکٹ ہے”طاقت مردہ باد، عدالت زندہ باد“ ،قدم بہ قدم صحافیوں کےساتھ چلیں گے،2صوبے انتظامی لحاظ سے پاکستان سے کٹ چکے ، حکومتی رٹ نہیں مگر اسلام آباد کے سیاسی دھندوں سے فارغ ہوں گے تو ملک کیلئے سوچیں گے۔

پی ایف یو جے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاہر ڈکٹیٹر نے آئین، جمہوریت، پارلیمنٹ پر شب خون مارا، 26ویںترمیم کے نام پرعدلیہ کو لونڈی بنانے کی کوشش کی گئی،حکومت کو متنازع شقوں سے دستبردار کرایا مگر 2،3مہینے کی منصوبہ بندی کے بعد پھر کچھ لوگ انسٹال کیے گئے۔

امیر جے یوآئی نے کہاہر نئے قانون کے نفاذ میں مشکلات آتیں لیکن اصلاح کی جاتی ہے، ججز یا چیف جسٹس کی تقرری میں پارلیمانی کردار پوری دنیا میں ہے، 18ویں ترمیم میں آئین میں چیف جسٹس کی تقرری کا اختیار ڈالا گیا، ایک چیف جسٹس کی دھمکی سے اختیار 19ویں ترمیم کے ذریعے نکالا گیا ،پی ٹی آئی اور جے یو آئی کو دوبارہ لڑانے کی کوشش بھی کی گئی،2صوبے انتظامی لحاظ سے پاکستان سے کٹ چکے ،حکومت کی کوئی رٹ نہیں ،شام ہوتے ہی مسلح گروہ معاشرے کو کنٹرول کررہے ہیں مگر اسلام آباد کے سیاسی دھندوں سے فارغ ہوں گے تو ملک کیلئے سوچیں گے۔

فضل الرحمن نے کہا کچھ قوتوں کو صرف اپنی اتھارٹی کی پروا ہے، عوامی رائے سے کوئی دلچسپی نہیں، ملک میں پارلیمنٹ کے کردار کو ختم کیا جارہا ہے، جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہی ہے، ڈمی نمائندے عوام کا کیس نہیں لڑسکتے۔